لاہور ،داتا دربار سے اغواء ہونے والی 5سالہ بچی 12گھنٹے میں گوجرانوالہ سے بازیاب

پیر 15 اپریل 2024 22:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2024ء) لاہور پولیس نے داتا دربار سے اغواء ہونے والی 5سالہ بچی فضہ کو 12گھنٹوں میں گوجرانوالہ سے بازیاب کروا لیا۔لاہور پولیس نے گوجرانوالہ میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے مغوی بچی کو بازیاب کروایا اور بچی کو کر ورثا کے سپرد کر دیا۔انویسٹی گیشن انچارج محمد صدیق نے بتایا کہ بچی کے والد نے تھانہ داتا دربار اپنی بچی کے اغوا کا مقدمہ درج کروایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ مدعی مقدمہ اپنی فیملی کے ہمراہ اسلام آباد سے داتا دربار حاضری دینے کے لیے آیا تھا، نامعلوم خاتون ملزمہ بچی کو داتا دربار سے اغوا کر کے گوجرانوالہ لے گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ ملزمہ پولیس کے تعاقب کرنے پر بچی کو چھوڑ کر فرار ہو گئی، 5سالہ فضہ کو سی سی ٹی وی کیمروں اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے بازیاب کروایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سپرنٹنڈنٹ پولیس انویسٹی گیشن سٹی منزہ کرامت نے کہا کہ خاتون ملزمہ کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، ملزمہ جلد پولیس کی گرفت میں ہوگی۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلیے پولیس ہمہ وقت کوشاں ہے۔بچی کو بازیاب کروانے پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل انویسٹی گیشن ذیشان اصغر نے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کردیا۔