خیبرپختونخوامیں بارشوں کی وجہ سے دریاؤں اور ندی نالوں میں سیلابی صورتحال

خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر وزیر اعلی سیکرٹریٹ پشاور میں ایمرجنسی فلڈ کنٹرول روم قائم کر دیا

پیر 15 اپریل 2024 23:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) صوبے میں جاری بارشوں کی وجہ سے دریاؤں اور ندی نالوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر وزیر اعلی سیکرٹریٹ پشاور میں ایمرجنسی فلڈ کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔کنٹرول روم ہنگامی صورتحال، سرگرمیوں اور معلومات کے سلسلے میں متعلقہ محکموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے وزیر اعلی کو بروقت آگاہ کرے گا۔

وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے ڈپٹی سیکرٹری محسن اقبال کو ایمرجنسی فلڈ کنرول روم کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ کنٹرول روم چوبیس گھنٹے خدمات سر انجام دے گا جس سے یو اے این 091-111-712-713: ، فیکس نمبر 091-9210707:، واٹس ایپ نمبر 0343-2222949:۔

(جاری ہے)

درایں اثنا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے خیبر پختونخوا میں اگلے چند دنوں میں مزید بارشوں کے پیش نظر صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ، محکمہ ریلیف اور ریسکیو سمیت تمام اداروں کو ہمہ وقت الرٹ رہنے اور بارشوں سے ممکنہ نقصانات کو کم سے کم کرنے کیلئے تمام درکار انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کے عملے کی فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائی جائے،بارشوں کے تناظر میں پی ڈیم اے کی طرف سے جاری کر دہ ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے ، بارشوں کی وجہ سے دریاؤں میں سیلابی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے بروقت اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیر اعلی نے مزید ہدایت کی کہدریائوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال میں آس پاس کی آبادی کو محفوظ بنانے کے لئے انتظامات کئے جائیں جبکہ شہری علاقوں میں گھروں اور گلی گوچوں میں داخل ہونے والے پانی کو نکالنے کے لئے بروقت اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے بارشوں سے گرنے والے گھروں کے مکینوں کو عارضی شیلٹرز سمیت دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنانے، بارشوں سے شدید متاثرہ اضلاع میں میڈیکل کیمپس قائم کرنے اور مختلف حادثات میں ہونے والے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے اور موجودہ صورتحالمیں ہسپتالوں میں بھی تمام عملے اور ادویات کی دستیابی کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے لینڈ سیلائیڈنگ کی وجہ سے بند سڑکوں کو کھولنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ علی امین گنڈا پور نے بارشوں سے صوبہ بھر میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مختلف حادثات کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ ہوا، اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ وہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، صوبائی حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔