صدر زرداری سے سپیکر سردار ایاز صادق کی ملاقات، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

سپیکر کی آصفہ بھٹو کا بطور ممبر قومی اسمبلی حلف اٹھانے پر مبارکباد ،نیک خواہشات کا اظہار

پیر 15 اپریل 2024 22:00

اسلام آبا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) صدرزرداری سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جاری بیان کے مطابق پیر کو صدرمملکت آصف علی زرداری سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نومنتخب ممبر قومی اسمبلی آصفہ بھٹو کا بطور ممبر قومی اسمبلی حلف اٹھانے کے موقع پرملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، قانون سازی سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے صدر کو پارلیمان میں ہونے والی قانون سازی اور ایوان کی کارروائی سے آگاہ کیا۔ سپیکر نے صدر زرداری کو آصفہ بھٹو کا بطور ممبر قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی اور آصفہ بھٹو کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ آصفہ بھٹو کا بطور ممبر قومی اسمبلی منتخب ہونا ایک خوشگوار اضافہ ہے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے آصفہ بھٹو، شہید بینظیر بھٹو کے ویژن پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پارلیمان میں عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق ہونے والی قانون سازی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔