ڈاکٹر ملک مختار احمد کا پمز کا دورہ ، شام کے اوقات میں او پی ڈی کا افتتاح کردیا

ہیلتھ کیئر کی فراہمی بڑھانے ،تمام شہریوں کیلئے معیاری خدمات کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی حکومت کے عزم کا اعادہ

پیر 15 اپریل 2024 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) وزیراعظم کے کوآرڈنیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد نے صحت کیلئے فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے مختلف شعبوں کا ایک دورہ کیا اور شام کے اوقات میں او پی ڈی کا افتتاح کیا ، ڈاکٹر مختار نے ہیلتھ کیئر کی فراہمی کو بڑھانے اور تمام شہریوں کیلئے معیاری خدمات کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی حکومت کے عزم پر زور دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے کوآرڈنیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد نے وفاقی سیکرٹری برائے صحت افتخار علی شلوانی کے ہمراہ پمز ہسپتال کا دورہ کیا اور فراہم کی جانیوالی خدمات کا جائز ہ لیا، ڈاکٹر مختار نے پمز انتظامیہ کے سینئر حکام کے ہمراہ او پی ڈی ،سرجیکل یونٹس اور تشخیصی سہولیات سمیت مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر ملک مختار احمد نے کہا کہ اس وزٹ کا مقصد ہسپتال کو درپیش آپریشنل چیلنجز کے بارے میں جاننا اور بہتری کے لیے شعبوں کی نشاندہی کرنا تھا۔

دورے کے دوران ڈاکٹر ملک مختار احمد نے پمز میں ایوننگ آئو ٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ کا افتتاح کیا،اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عوام کو فراہمی صحت کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں یہ ایک اہم سنگ میل ہے جس کا مقصد علاج و معالجے کی رسائی کو معمول کے اوقات کار سے آگے بڑھانا ہے۔ شام کی او پی ڈی ان مریضوں کو سہولت فراہم کرے گی جو کام یا دیگر مصروفیات کی وجہ سے دن کے وقت ہسپتال جانے سے قاصر ہیں۔

ڈاکٹر ملک مختار احمد نے پمز کی طرف سے فراہم کی جانے والی صحت کی خدمات بشمول پیشنٹ کئیر، انفراسٹرکچر، طبی آلات، اور عملے کی صلاحیت کے معیار کا جائزہ بھی لیا۔اس دوران انہوں نے جدید آلات سے لیس نئے تعمیر ہونے والے آپریشن تھیٹر اور لیبز کا بھی وزٹ کیا جہاں انہیں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سروسز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کوآرڈنیٹر برائے صحت نے کہا کہ شام کی او پی ڈی کا افتتاح ھیلتھ سروسز کے چیلنجز سے نمٹنے اور عوام کے لیے صحت کی خدمات تک رسائی کو بڑھانے کے لیے حکومت کے فعال انداز کی عکاسی کرتا ہے۔

انفراسٹرکچر ، ہیومن ریسورس، اور ھیلتھ کیئر کے جدید ماڈلز اپنا کر حکومت کا مقصد صحت کے نتائج کو بہتر بنانا اور تمام شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔