الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا

منگل 16 اپریل 2024 13:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے قومی اسمبلی حلقہ این اے 81 گجرانوالہ سے ن لیگ کے رہنما اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار بلال اعجاز چودھری کو بطور ایم این اے بحال کر دیا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن اپیلٹ ٹربیونل کے جج جسٹس شاہد کریم نے سنی اتحاد کونسل کے بلال اعجاز چودھری کی درخواست پرمنگل کو سماعت کی۔

درخواست گزار کی جانب سے رانا عثمان غنی اور سردار لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ بلال اعجاز چودھری 8 ہزار ووٹوں سے کامیاب قرار پائے، تاہم بعد ازاں ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر مخالف امیدوار اظہر قیوم کو کامیاب قرار دے دیا گیا تھا ۔