بھارت کو آزادی آرایس ایس آئیڈیالوجی کی کالونی بننے کے لئے نہیں ملی، راہول گاندھی

منگل 16 اپریل 2024 13:12

بھارت کو آزادی آرایس ایس آئیڈیالوجی کی کالونی بننے کے لئے نہیں ملی، ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) بھارت میں کانگریس کے سینئر رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ ملک کو آزادی آر ایس ایس آئیڈیالوجی کی کالونی بننے کے لئے نہیں ملی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہول گاندھی نے ریاست کیرالہ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو انگریزوں سے اس لئے آزادی نہیں ملی کہ وہ سنگھ پریوار کی آئیڈیالوجی کی کالونی بنے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بی جے پی اوراس کے وزیراعظم کو صرف ایک ملک ایک زبان اور ایک قائد دکھائی دیتا ہے جو ہمارے ملک کے حوالے سے بنیادی غلط فہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتایک گلدستے کی طرح ہے۔ ہر ایک پھول کا احترام کرنا چاہئے کیونکہ وہ سارے گلدستے کی خوبصورتی بڑھاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت میں صرف ایک قائد کا آئیڈیا ہر نوجوان بھارتی کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی مخصوص زبان کو اوپر سے تھوپا نہیں جاسکتا،یہ کسی شخص کے دل کے اندر سے نکلتی ہے۔ کیرالا کے کسی شخص سے یہ کہنا کہ تمہاری زبان ہندی سے کم تر ہے، کیرالا کے عوام کی توہین ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ بھارت پر اس کے سارے عوام کی حکمرانی ہو۔