Live Updates

عورتوں و بچوں سے زیادتی کے واقعات پر زیرو ٹالرنس ہے، ملوث افراد کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے، بلال صدیق کمیانہ

منگل 16 اپریل 2024 16:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں کینٹ اور ماڈل ٹائون ڈویژنز کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت دیگر پیشہ ورانہ امور کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔سی سی پی او لاہور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عورتوں اور بچوں سے زیادتی کے واقعات پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں،ملوث افراد کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن میں ملوث پولیس افسران اور اہلکاروں کا سپیشل آڈٹ سسٹم اور انٹرنل اکائونٹیبلٹی کے تحت کڑا احتساب ہو گا۔

(جاری ہے)

بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ڈویژنل ایس پیز اپنی سپر ویژن اور کمانڈ بہتر بنائیں اور ایس ڈی پی اوز فیلڈ ورکنگ اور قانون کے مطابق پولیس ریڈز کی نگرانی کریں۔انہوں نے کوآرڈینیشن بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہتر نتائج کے حصول کیلئے لاہور پولیس کے مختلف ونگز مشترکہ کاروائیاں عمل میں لائیں تاکہ لوگوں کو ریلیف ملے۔

سی سی پی او لاہور نے آرگنائزڈ کرائم یونٹ کی طرف سے منشیا ت سمگلنگ میں ملوث گینگ پکڑنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے منشیات فروشوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے موٹر سائیکل چوری اور سنیچنگ میں ملوث گروہوں کے خلاف سخت کریک ڈائون کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ چوروں، ڈاکوئوں اور اشتہاریوں کو پکڑنے کے ساتھ ساتھ ریکوری یقینی بنائی جائے۔

بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ کرائم کنٹرول،انصاف کی فراہمی اور لا اینڈ آرڈر پر کنٹرول قائم رکھنا اہم مشن ہے۔ڈی آئی جی(آپریشنز)سیدعلی ناصر رضوی، ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن)ذیشان اصغر،ایس ایس پی(ایڈمن)عاطف نذیر، ایس ایس پی(آپریشنز)سید علی رضا،ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری،کینٹ اور ماڈل ٹاون ڈویژنز کے ایس پیز،اے ایس پیز،سرکل افسران،ایس ایچ اوز اور انچارجز(انوسٹی گیشن) نے اجلاس میں شرکت کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات