الخدمت فائونڈیشن کے تحت بلوچستان ،خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں

ریجنل دفاترمیں ایمرجنسی سیل قائم کردئیے گئے، ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظرفوری اقدامات کاسلسلہ جاری

منگل 16 اپریل 2024 17:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے شعبہ ڈیزاسٹرمینجمنٹ نے بلوچستان اور خیبرپختونخوامیں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کوریسکیو کے بعدمحفوظ مقامات پرپہنچانے کا سلسلہ جاری ہے، متاثرین کو تیارکھانا، صاف پانی،بستر،خیمے، ترپال اور مچھردانیاں فراہم کی گئیں، جبکہ ایمبولینس،میڈیکل ہیلتھ یونٹ اور رضاکاروں کی بڑی تعداد متاثرین کو ریسکیوکے بعدریلیف فراہم کررہی ہے۔

چیئرمین ڈیزاسٹرمینجمنٹ اعجاز اللہ خان کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس میں خیبرپختونخوااور بلوچستان کی سیلابی صورتحال،نقصانات اور ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کاجائزہ لے کر مرکزی،ریجنل، اضلاع کی ڈیزاسٹرمینجمنٹ ٹیموں کوالرٹ کردیاگیاہے۔

(جاری ہے)

الخدمت فائونڈیشن خیبرپختونخوااور بلوچستان کے ریجنل دفاترمیں ایمرجنسی سیل قائم کردئیے گئے، جہاں ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظرفوری اقدامات کاسلسلہ جاری ہے۔

بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے مکانات گرنے،لینڈسلائڈنگ، برفباری کی وجہ سے متاثرین کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے،خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال اورکئی علاقے زیرآب ہیں،کئی شہراوربستیاں سیلاب میں ڈوب چکی ہیں،الخدمت فائونڈیشن کے رضاکارتمام متاثرہ اضلاع میں ریسکیواور ریلیف سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ علاقائی اور ضلعی ٹیمیں پوری طرح متحرک ہو کر ریلیف اور ریسکیو میں حصہ لے رہی ہیں۔گھروں،مساجداور دیگرمقامات میں داخل ہونے والے پانی کی نکاسی کے لیے پمپ استعمال کیے جا رہے ہیں۔