عوام کو سستی روٹی کی فراہمی کا مشن، وزیر خوراک کے چھاپے

مہنگی روٹی اور نان بیچنے پر 14افراد موقع سے گرفتار، دکانیں سیل عادی مجرمان کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھجوائیں گے‘ صوبائی وزیر خوراک

منگل 16 اپریل 2024 18:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) لاہور میں مہنگی روٹی اور نان بیچنے پر 14افراد موقع سے گرفتار کر لیے گئے اور پوائینٹس سیل کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین سستی روٹی اور نان کی فراہمی کیلئے فیلڈ سرگرم ہیں۔ وزیر خوراک نے منگل کے روز روٹی، نان کی قیمتوں کا جائزہ لینے کیلئے شادمان اور مسلم ٹان کے علاقے کا دورہ کیا۔

اس موقع پر گراں فروشی میں ملوث 14 افراد جو موقع سے حراست میں لیا گیا اور متعلقہ پوائنٹس کو سیل کر دیا گیا۔ وزیر خوراک بلال یاسین نے دورے کے بعد میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عادی مجرمان کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھجوائیں گے۔ وزیر خوراک نے مارکیٹ کی ناقص مانیٹرنگ پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی سرزنش کی اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ دفاتر سے نکلے اور عوامی ریلیف کیلئے فیلڈ میں موثر کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

بلال یاسین نے کہا کہ نئی قیمتیں تمام اعدادوشمار دیکھنے کے بعد نوٹیفائی کی گئی ہیں اور کسی کو مصنوعی مہنگائی کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیر خوراک پنجاب نے کہا کہ لاہور میں روٹی 16 روپے، نان 20 روپے میں یقینی بنا رہے ہیں۔ بلال یاسین نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ تمام بازاروں میں پرائس لسٹ آویزاں کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں تاریخی کمی ہوئی ہے اور اسکے ثمرات نچلی سطح تک لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 500 روپے کمی کی گئی۔ وزیر خوراک نے کہا کہ درست قیمت کیساتھ روٹی اور نان کا وزن بھی پورا کروا رہے ہیں۔ مارکیٹس کے دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور، اے ڈی سی جی اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ بھی وزیر خوراک کے ہمراہ تھے۔