وزیر اعلی کا دورہ دیامر انتہائی کامیاب رہا ، بہت جلد عوامی مسائل حل کیے جائیں گے، صوبائی وزرا انجینئر محمد انور، رحمت خالق

منگل 16 اپریل 2024 18:31

استور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) گلگت بلتستان کے وزرا انجینئر محمد انور، رحمت خالق اور ترجمان وزیراعلی فیض اللہ فراق نے وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کے دورہ دیامر کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہت جلد گلگت بلتستان بھر کے تمام اضلاع کے دورے کئے جائیں گے اور عوامی مسائل کو سن کر انکا پائیدار حل بھی تلاش کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کے دورہ دیامر کے بعد چلاس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی طرح ضلع دیامر کو بھی ترقی کی دوڑ میں شامل کریں گے ، متاثرین دیامر ڈیم کے مسائل کو مکمل طور پر حل کرنے کیلئے واپڈا حکام کے سامنے نئے انداز سے عوامی مقدمہ پیش کریں گے ، چولہا متاثرین کے ماندہ چولہوں کو 2 مہینے کے اندر اندر جی آئی ایس کے عمل سے گزاریں گے اور بہت جلد ادائیگی ہوگی، گندم کی منصفانہ تقسیم کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی نے اپنے دورے کے دوران نصف درجن سے زائد نئے سکولوں کی تعمیر کی منظوری دی ہے ، چلاس شہر میں ایک بوائز اور گرلز سکول کا قیام عمل میں لایا جائے گا ، داریل و تانگیر اور رندو و گوپس کے نام سے 4 نئے اضلاع کی منظوری کی تجویز وزیر اعظم کے سامنے رکھ دی گئی ہے ،بہت جلد تجویز پر عملدرآمد ہوگا ، داریل و تانگیر ایکسپریس پر کام تیز کیا جائے گا ، پبلک سکول چلاس کے ایشوز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، گرلز کالج کی فیکلٹی کی تنخواہ کے مسئلے کو بھی حل کیا جائے گا ، دیامر بھاشا ڈیم میں کام کرنے والے غیر ملکی باشندوں سمیت قراقرم ہائی وے کو فل پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی ، دیامر میں دارالامان اور تانگیر میں ہیلی پیڈ بنایا جائے گا ، ہڈر نالے میں ایک سکول کو اپ گریڈ اور ایک پاور ہاؤس تعمیر کیا جائے گا جبکہ مواصلاتی کمی کو دور کرتے ہوئے ایس سی او کے ذریعے ایک ٹاور نصب کیا جائے گا ، تھک بابوسر رضاکاروں کے اعزازیہ اور تعداد کو بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے اور سیکرٹری داخلہ سے اس سلسلے میں ایک ہفتے کے اندر اندر رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔

دیامر میں دس بیڈ اور تیس بیڈ ہسپتالوں کو فعال بنایا جائے گا ،ایس پی ایس کے ذریعے سٹاف کی کمی بھی پوری کی جائے گی ، دیامر میں قانون کی عملداری کو یقینی بناتے ہوئے سرکاری رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، گوہر آباد میں آر سی سی پل کی تعمیر کیلئے وفاقی وزیر مواصلات کو خط لکھا گیا جبکہ وزیر اعلی گلگت بلتستان نے دیامر نادرا دفتر میں خواتین کیلئے الگ دفتر یا عملے کی تعیناتی کی تجویز دیتے ہوئے چیئرمین نادرا کو مراسلہ بھیج دیا ہے ، چلاس ہسپتال میں ایم آر آئی مشین نصب کرنے کیلئے چیئرمین واپڈا کو خط لکھا گیا ہے اور جلد مذکورہ مشین نصب ہوگی ، دیامر پریس کلب کی تعمیر کیلئے ایک کنال زمین کی فراہمی کیلئے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک ہفتے میں ایک کنال زمین کی الاٹمنٹ کو یقینی بنائیں، تھک نیاٹ اور بابوسر میں سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو دور کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے ، بابوسر روڈ کو گرمائی موسم کیلئے پرامن اور چوبیس گھنٹے کیلئے کھلا رکھنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے ، دیامر سمیت گلگت بلتستان میں روزگار کی فراہمی کیلئے مختلف محکموں میں موجود خالی آسامیوں کو فوری طور پر پُر کیا جائے گا۔