سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں، مشیر سیاحت زاہد چن زیب کا پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 16 اپریل 2024 20:04

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) وزیراعلی خیبر پختون خوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کارکردگی دکھانے والے افسران اور ملازمین کا تبادلہ نہیں کرے گی ان ملازمین کو ہٹایا جائے گا جو اپنے عہدے پر ہوتے ہوئے کارکردگی دکھانے سے قاصر ہیں،مانسہرہ میں سیاحت کو فروغ دے کر معاشی و اقتصادی طور پر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا، حکومت خیبر پختون خوا ضلع مانسہرہ کے مسائل کو جلد از جلد حل کر کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آنے والے ٹورازم سیزن میں مانسہرہ کے سیاحتی مقامات کو سہولیات کی فراہمی اورانتظامی امور کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کیپٹن ریٹائرڈ بلال شاہد راؤ،ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈاپور,ڈی جی گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی شاہ رخ علی، ڈی جی کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی شبیر خان، ڈی ایچ او ہیلتھ اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تمام ضلعی افسران کی طرف سے وزیراعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب کو سیاحتی مقامات کے حوالے سے بریف کیا اور سیاحت کے فروغ کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے کہا کہ مانسہرہ کے سیاحتی مقامات پر ٹورازم پولیس اور موٹر سائیکلوں کو ضلعی انتظامیہ کے ماتحت اور سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

مشیر سیاحت نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ ٹورازم پولیس ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر سیاحتی مقامات پر پیٹرولنگ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹورازم سیزن میں گاڑیوں کے چالان کو کم سے کم کیا جائے کسی بڑی خلف ورزی کے بغیر سیاحوں کی گاڑیوں پر جرمانہ نہ کیا جائے اور جس قدر ممکن ہو سیاحوں کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں۔مشیر زائد چن زیب نے کہا کہ کا غان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو خیبر پختونخوا انٹیگریٹڈ ٹورازم اتھارٹی کے فنڈز سے لفٹر اور دیگر مشینری کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

سٹریٹ لائٹس اور دیگر برقی الات کو سولر پر کنورٹ کر کے بجلی کی بچت کی جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹورسٹ انٹری پوائنٹس پر 1122 اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ فیسلیٹیشن ڈیسک بنائے جائیں گے اورآنے والے سیاحوں کو فرسٹ ایڈ کٹ اور پہاڑی علاقے میں سفر کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کی جا ئیں گی۔زاہد چن زیب نے داتا سے بٹا کنڈی تک تمام بی ایچ یوز اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی کو 24 گھنٹے کھلارکھنے کی ہدایت کی ہے۔

مشیر سیاحت نے ہدایت کرتے ہوئے کہا ٹورازم سیزن میں تمام روڈز کو کلیئر کیا جائے اور مینٹیننس ورک کو جلد از جلد مکمل کر کے ٹریفک کی روانگی کو بحال کیا جائے۔انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پانو انٹرچینج پر حادثات کو روکنے کے لیے ایک پلان واضح کیا جائے۔اجلاس میں منڈی تامالی روڈ کے این او سی کا مسئلہ حل کرنے کے امور بھی زیر غور ائے۔\378