وزیر تعلیم کی زیر صدارت تعلیمی بورڈ سربراہان اجلاس میٹرک امتحانات بارے اہم فیصلے

منگل 16 اپریل 2024 21:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے پشاور بورڈ کے زیر انتظام اضلاع چترال میں 18، 19 اور 20 اپریل کو ہونے والے پیپرز ملتوی کر رہے ہیں۔ تاکہ طلباء کو پیپرز دینے میں دشواری پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ ملتوی ہونے والے پیپرز نئے شیڈول کے مطابق بعد میں لئے جائیں گے۔

اور اس کے لیے نئی تاریخوں کا اعلان اور شیڈول جاری کیا جائے گا۔ جبکہ صوبے کے باقی اضلاع میں بارشوں اور سیلاب کا کوئی مسئلہ نہیں اور وہاں امتحانات پہلے سے جاری شدہ شیڈول اور وقت پر ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تعلیمی بورڈز سربراہان اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری تعلیم مسعود احمد، ایڈیشنل سیکرٹری محمد زاہد خان۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر آئی ٹی اور تمام تعلیمی بورڈز سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام تعلیمی بورڈز سربراہان نے صوبائی وزیر کو اپنے اپنے بورڈز کے امتحانات کی تیاریوں کے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تمام بورڈز نے امتحانی عملے کی ڈیوٹیاں بروقت لگائی ہیں اور پیپرز بھی منتخب بینکوں تک پہنچائے گئے ہیں۔ جو کہ بعد میں سنٹرز تک پہنچائے جائیں گے۔

اسی طرح امتحانات کیلئے سیکیورٹی اور دیگر تمام انتظامات بھی مکمل ہیںوزیر تعلیم نے امتحانات کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے کہا کہ ہمیں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی بھرپور مددحاصل ہے اور صوبہ بھر کے امتحانی مراکز کی بذریعہ کنٹرول روم مانیٹرنگ ہو رہی ہے جبکہ محکمہ تعلیم میں امتحانات کے لیے ہاٹ لائن نمبر اور انفارمیشن ڈسک بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ انفارمیشن ڈسک اور ہاٹ لائن نمبر پر رابطہ کرکے محکمہ تعلیم کو آگاہ کیا جاسکے گا۔

وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ نقل کی روک تھام کریں گے اور شفاف امتحانات منعقد کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ اور جس بھی بورڈ کا پیپر لیک ہوا تو متعلقہ ذمہ داروں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام امتحانات میرٹ پر منعقد کر رہے ہیں تاکہ حقدار کو اس کا حق ملے اس کے علاوہ ،وہ خود ان کی ٹیم اور سیکرٹریٹ کی ٹیمیں امتحانی مراکز کی نگرانی کریں گی۔اور امتحانی مراکز کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی جس کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ انہوں نے ڈائرکٹر آئی ٹی کو ہدایات جاری کیں کہ سیکرٹریٹ لیول پر بھی بذریعہ آئی پی ایڈریس صوبہ بھر کے امتحانی مراکز کی مانیٹرنگ کیلئے انتظامات مکمل کئے جائیں۔