کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے قریب انڈس ہائی وے پر ٹریفک کے المناک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے 3 افرادجاں بحق

منگل 16 اپریل 2024 21:14

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے قریب انڈس ہائی وے پر ٹریفک کے المناک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ جاان بحق ہونے والے والوں میں میاں بیوی اور ان کی ایک معصوم بیٹی شامل بتائے جاتے ہیں۔ حادثہ میں 5 دیگر افراد شدید زخمی بھی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ریسکیو 1122 اور مقامی ذرائع کے حوالے سے موصولہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق منگل کے روز تحصیل لاچی کی حدود میں انڈس ہائی وے پر ایک مہران موٹر کار نمبر سندھ AWK 607 اور مسافر فلائنگ کوچ نمبر سندھ CR 3838 کے مابین خوفناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں موٹر کار میں سوار میاں بیوی اور ان کی ایک معصوم بچی سمیت ایک ہی خاندان کے تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔

حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر کے جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا۔ جاں بحق افراد کا تعلق پشاور سے بتایا جاتا ہے۔ ریسکیو 1122 ترجمان کے مطابق حادثہ۔میں پانچوں زخمی افراد کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کیا گیا۔