Live Updates

جعلی جوس،بوتل تیار کرنے والا مافیا پنجاب فوڈ اتھارٹی کے شکنجے میں،2مقدمات درج

منگل 16 اپریل 2024 22:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2024ء) جعلی جوس،بوتل تیار کرنے والا مافیا پنجاب فوڈ اتھارٹی کے شکنجے میں آ گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے جعلساز مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن کیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے ملتان روڈ اور مدینہ ٹاون میں جوس پلانٹ،جعلی کولڈ ڈرنکس یونٹ پر چھاپے مارے۔

جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والے 2یونٹس کیخلاف مقدمات درج کروا کے 16ہزار 800لٹر ایکسپائر جوس، 12 ہزار 600لٹر جعلی کولڈ ڈرنکس تلف کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق کھلے رنگ، کیمیکلز اور غیر فلٹرشدہ پانی سے جعلی بوتلیں تیار کی گئی تھیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا معروف برانڈز کے جعلی لیبل لگی بوتلیں اور ایکسپائر جوس برآمد ہونے پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

(جاری ہے)

جعلی بوتلوں پر معروف برانڈ کے جعلی لیبل لگا کر سپلائی کے لیے تیار کیا جا رہا تھا۔ممنوعہ مضر صحت کھلے رنگوں،کیمیکلز سے تیار محلول ممنوعہ نیلے ڈرموں میں رکھا پایا گیا۔ عاصم جاوید نے کہا جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کیخلاف مقدمات درج کروا دیے گئے ہیں۔ جعلی ڈرنکس کو اصل جیسی نقل پیکنگ لگا کر لاہور شہر میں مختلف دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا۔

عاصم جاوید ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا جعلی بوتلوں پر لگی اصل جیسی نقل پیکنگ کی پہچان کرنا عام صارف کے لیے مشکل ہوتا ہے۔ناقص ڈرنکس کااستعمال معدہ اور گردوں کی بیماریوں میں مبتلا کر سکتا ہے۔ ملاوٹ اور جعلساز مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کام کر رہے ہیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا زیادہ منافع کی لالچ میں صحت کیساتھ کھلواڑ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیر خوراک بلال یاسین کی ہدایات کے مطابق خوراک میں ملاوٹ کرنے والوں کا کاروبار جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات