متحدہ عرب امارات میں شدید بارش سے نظام زندگی مفلوج

حکام کی عوام کو گھروں میں رہنے کی تاکید ، ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت

منگل 16 اپریل 2024 20:30

ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) متحدہ عرب امارات میں ہونے والی شدید بارشوں نے تباہی مچا دی جس سے نظام زندگی بری طرح سے مفلوج ہوگیا۔متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی صبح سے منگل کی دوپہر تک گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی جبکہ مختلف علاقوں میں کلائوڈ برسٹ بھی ہوا۔

(جاری ہے)

شدید بارشوں کے باعث متحدہ عرب امارات کی کئی ریاستوں اور شہروں میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ رہائشی علاقوں میں سیلابی صورت حال ہوگئی ہے اور بارش کا پانی گھروں، مالز، میٹرواسٹیشن اور دیگر مقامات میں داخل ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا جمعرات تک بادل گرج چمک کے ساتھ برسیں گے۔یو اے ای حکام نے عوام کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ صرف انتہائی ضروری کام کی صورت میں گھروں سے نکلیں۔ حکام نے عوام سے یہ بھی کہا کہ وہ زیادہ پانی والی جگہ سے دور تھوڑے اونچے مقام پر اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکل پارک کریں۔ عرب میڈیا کے مطابق سکولوں کو فوری طور پر آن لائن کردیا گیا ہے جبکہ تمام سرکاری ملازمین کو آئندہ دو روز کیلئے گھر سے کام کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔