صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کی کراچی پریس کلب کی گرانٹ بڑھانے کی ہدایت

منگل 16 اپریل 2024 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کراچی پریس کلب کی گرانٹ 5کروڑ روپے سے بڑھانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہےکہ کراچی پریس کلب کے ممبران کے پلاٹس اور دیگر مسائل جلد حل کئے جائیں گے۔ منگل کوجاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور نائب صدر رشید میمن سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پرپریس کلب کے وفد نے صوبائی وزیر اطلاعات کو دوبارہ محکمہ اطلاعات کی وزارت ملنے پر مبارکباد دی اور پریس کلب کے مسائل سے آگاہ کیا ۔ وفد نے کراچی پریس کلب کی گرانٹ بڑھانے کی درخواست کی جس پرشرجیل انعام میمن نے ڈی جی انفارمیشن سلیم خان کو گرانٹ بڑھا کر 10کروڑ روپے کرنے کی سمری تیار کرکے بھیجنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل حل کئے جائیں گے، محکمہ اطلاعات صحافیوں سے ہر وقت رابطہ میں ہے۔

دوسری طرف کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور نائب صدر رشید میمن نے سیکرٹری اطلاعات ندیم میمن سے بھی ملاقات کی اوران کو میڈیا ملازمین کو تنخواہیں دیر سے ملنے کی شکایت کی۔سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ میڈیا اداروں کو اشتہارات کے پیسے دیئے گئے ہیں ان کو پابند بھی کیا گیا ہے کہ ملازمین کو وقت پر تنخواہیں دی جائیں،اگر کسی میڈیا ادارے کے ملازمین کو تنخواہ نہیں مل رہی تو محکمہ اطلاعات کو شکایت کریں کارروائی کی جائے گی ۔