اردن علاقائی جنگ کا تھیٹر نہیں بنے گا ، شاہ عبداللہ دوم

بدھ 17 اپریل 2024 10:10

عمان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے کہا ہے کہ ان کا ملک کسی صورت علاقائی جنگ کا تھیٹر نہیں بنے گا۔اردو نیوز کے مطابق شاہ عبداللہ نے ملکی سالمیت اور سلامتی کو برقرار رکھنے کو دیگر تمام امورپر ترجیح دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اردن کا مقصد اسرائیل کا دفاع کرنے کے بجائے اپنی خودمختاری کا تحفظ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا یہ بیان اتوار کو اسرائیل پر داغے گئے متعدد ایرانی میزائلوں کو اردن کی جانب سے راہ میں تباہ کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔برلن میں پریس کانفرنس میں اپنے جرمن ہم منصب سے بات کرتے ہوئےاردن کے وزیر خارجہ ایمن صفادی نے کہا کہ ایران نے اپنے حملے کو اسرائیل کی جانب سے اس کے قونصلیٹ پر حملے کا جواب قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اس معاملے کو مزید آگے بڑھانا نہیں چاہتا،ہم موجودہ ایشو کو مزید آگے بڑھانے کے خلاف ہیں،اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو غزہ سے توجہ ہٹانے کے لیے ایران کے ساتھ تصادم چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی برداری کو اسرائیلی وزیراعظم کو ایران کے ساتھ تصادم سے روکنا چاہیے۔