عمان میں دن میں رات کا منظر، فوجی ہیلی کاپٹروں سے ریسکیو آپریشن

سلطنت عمان میں بارش سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ٹرینڈ کررہی ہے،رپورٹ

بدھ 17 اپریل 2024 11:38

عمان میں دن میں رات کا منظر، فوجی ہیلی کاپٹروں سے ریسکیو آپریشن
مسقط(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) خلیجی ریاست سلطنت عمان میں حالیہ ایام میں ہونے والی خوفناک بارشوں کے مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں اور سلطنت عمان میں بارش سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ٹرینڈ کررہی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ویڈیو کلپس میں بھی دکھایا گیا ہے کہ سیاہ بادل برائمی گورنری میں سورج کی روشنی کو روک رہے ہیں جس سے ہر سو تاریکی پھیل رہی ہے اور علاقہ دن کو رات کا منظر پیش کر رہاہے۔

اسی گورنری میں بارش کے ساتھ بہت زوردار طوفان بھی آیا۔اس کے علاوہ فوجی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے امدادی کارروائیوں کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔ فوج نے ملک میں موسمی حالات کے دوران پانی میں پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے میں بھرپور مدد کی ہے۔

(جاری ہے)

عمانی ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ نے ملک میں جاری بارشوں کی وجہ سے آج بدھ کو ظفار اور الوسطی کے علاوہ تمام گورنریوں تدریسی عمل معطل کرنے کا اعلان کیا۔

حکام نے دارالحکومت مسقط سے تقریبا 150 کلومیٹر کے فاصلے پر ملک کے مشرق میں واقع شمالی الشرقیہ گورنری میں گاڑیوں کے بہنے کے نتیجے میں 9 طلبا سمیت کم از کم 18 افراد کی موت کی تصدیق کی ہے۔عمان میں وزارت تعلیم نے بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سیلاب نے بچوں کو لے جانے والی کئی گاڑیوں کو ڈبو دیا۔ ابھی تک کئی طلبہ اور دیگر شہری لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش کا عمل جاری ہے۔