اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ کمانڈر سمیت تین ہلاک

ہلاک شخص گاڑی میں اکیلا تھا، دیگردو قریب ہونے کی وجہ سے مارے گئے

بدھ 17 اپریل 2024 11:38

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) لبنان اور اسرائیل کی سرحدوں پر کشیدگی کے جلو میں اسرائیل نے جنوبی لبنان پر ایک کار پر حملہ کر کے حزب اللہ کے ایک اہم کمانڈر سمیت تین افراد کو ہلاک کر دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں کیے گئے ایک حملے میں حزب اللہ کے ایک فیلڈ کمانڈر کی ہلاکت کا دعوی کیا ہے۔

فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک فوجی طیارے نے لبنان کے عین بعال علاقے میں حزب اللہ کے ساحلی سیکٹر کے رہ نما اسماعیل یوسف باز کو بمباری کر کے ہلاک کر دیا۔ بیان میں مزید کہا کہ مذکورہ رہ نما نے شیل اور ٹینک شکن میزائل داغنے کی منصوبہ بندی میں حصہ لیا تھا۔ایک اسرائیلی حملے نے جنوبی لبنان کے قصبے عین بعال میں حزب اللہ کے ایک فیلڈ کمانڈر کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

اس حملے میں فیلڈ کمانڈر اور ان کے دو ساتھی مارے گئے۔انہوں نے کہا کہ حزب اللہ کے مقتول کمانڈر کو ابو جعفر باز کی کنیت سے جانا جاتا تھا اور وہ محاذ پر موجود فوجی فارمیشنز کے کمانڈروں میں سے ایک تھا۔انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا شخص گاڑی میں اکیلا تھا۔ دو دیگر افراد گاڑی کے قریب ہونے کی وجہ سے مارے گئے۔دوسری طرف حزب اللہ نے کمانڈر کی ہلاکت کا اعتراف کرتے ہوئے اس واقعے پر مقتول کمانڈر کے خاندان سے تعزیت کی ہے۔