پاکستان اور بھارت مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے تلاش کریں،امریکہ

پاکستان اوربھارت کو کشیدگی سے گریز کرنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، ترجمان محکمہ خارجہ

بدھ 17 اپریل 2024 14:54

پاکستان اور بھارت مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے تلاش کریں،امریکہ
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان اسٹاف لیول معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی اقتصادی کامیابی کے لیے ہماری حمایت غیر متزلزل ہے، معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اقتصادی اصلاحات کو ترجیح دینے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں ۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق میتھیو ملر نے پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان نے اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے پیش رفت کی ہے، قرضوں کے بوجھ کو سنبھالنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیر خزانہ آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے عہدیداروں سے ملاقاتوں کے لیے واشنگٹن میں ہیں۔پاکستان کی اقتصادی کامیابی کے لیے ہماری حمایت غیر متزلزل ہے، معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اقتصادی اصلاحات کو ترجیح دینے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تکنیکی معاہدوں کے ساتھ تجارتی، سرمایہ کاری کے ذریعے رابطے جاری رکھیں گے، یہ ہمارے دوطرفہ تعلقات کی ترجیحات ہیں۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان اوربھارت کو کشیدگی سے گریز کرنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، پاکستان اور بھارت مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے تلاش کریں۔