شدید بارشیں:دبئی اور شارجہ سے پاکستان کے لیے 46 پروازیں منسوخ کی گئیں

طوفانی بارش کے باعث ایئرپورٹس اور اماراتی ایئرلائنز کا نظام شدید متاثر ہوا جس سے سینکڑوں بین الااقوامی پروازیں متاثر ہو ئیں.اماراتی حکام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 17 اپریل 2024 12:59

شدید بارشیں:دبئی اور شارجہ سے پاکستان کے لیے 46 پروازیں منسوخ کی گئیں
دوبئی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 اپریل۔2024 ) شدید بارشوںسے پیدا ہونے والی ہنگامی صورت حال کے سبب دبئی اور شارجہ سے پاکستان کے لیے 46 پروازیں منسوخ کر دی گئیں طوفانی بارش کے باعث ایئرپورٹس اور اماراتی ایئرلائنز کا نظام شدید متاثر ہوا جس سے سینکڑوں بین الااقوامی پروازیں بھی متاثر ہو ئیں. انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دونوں ائیرپورٹس کی بحالی میں کچھ وقت لگ سکتا ہے جبکہ کئی پروازوں کو ہنگامی حالت میں ابوظہبی ائیرپورٹ پر اتارا لیا گیادوسری جانب ابوظہبی ائیرپورٹ پر کھانے پینے کی سہولیات کم پڑنے سے مسافر شدید مشکلات کا شکار ہیں.

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ کے مالیاتی مرکز دبئی میں شدید طوفانی بارشوں کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو گیا”خلیج ٹائمز“کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پیر سے منگل کو رات گئے تک 75 سالوں میں سب سے زیادہ بارش ہوئی بارشوں سے دوبئی کے فلیگ شپ شاپنگ سینٹرز دبئی مال اور مال آف ایمریٹس دونوں کو بارشوں کے باعث سیلاب کا سامنا کرنا پڑا اور دبئی کے ایک میٹرو اسٹیشن پر بھی پانی ٹخنوں تک جمع ہوگیا.

مسافروں کی آمدورفت کے لحاظ سے دنیا کے مصروف ترین بین الاقوامی مرکز دبئی ایئرپورٹ میں آپریشن معطل رہا جس کی وجہ سے 50 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں دبئی ایئرپورٹس کے ترجمان نے کہا کہ شدید طوفان کی وجہ سے، آپریشنز کو عارضی طور پر معطل کیاگیا لیکن اب آپریشنز دوبارہ بحال کردیے گئے ہیں. متحدہ عرب امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے” ڈبلیو اے ایم“ کے مطابق فلائی دبئی ایئرلائن نے خراب موسم کی وجہ سے بدھ تک دبئی سے روانہ ہونے والی اپنی تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کیںفلائی دبئی کے ترجمان نے بتایا کہ 16 اپریل کو دبئی سے روانگی کے لیے شیڈول فلائی دبئی کی تمام پروازوں کو 17 اپریل تک منسوخ کردیا گیا.

دبئی کے سرکاری نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ خراب موسم نے خلیجی جزیرہ کے دیگر مقامات کو متاثر کیا، بشمول عمان، جہاں حالیہ دنوں میں شدید بارشوں کی وجہ سے کم از کم 18 افراد ہلاک ہو چکے ہیں یاد رہے کہ ایشین چیمپئنز لیگ فٹبال کا سیمی فائنل متحدہ عرب امارات کے العین اور سعودی ٹیم الہلال کے درمیان العین میں ہونے والا تھا جسے موسم کی خرابی کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا متحدہ عرب امارات کے کچھ اندرونی علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران 80 ملی میٹر (3.2 انچ) سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی جو تقریباً 100 ملی میٹر کی سالانہ اوسط کے قریب ہے.

موسمی بورڈ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ علاقہ مکینوں سے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور سیلاب اور پانی جمع ہونے والے علاقوں سے دور رہنے کی اپیل کی گئی ہے اماراتی اور عمانی دونوں حکومتیں پہلے خبردار کر چکی ہیں کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے مزید سیلاب آنے کا خدشہ ہے انفرادی موسمی واقعات کو موسمیاتی تبدیلی سے جوڑنا اکثر مشکل ہوتا ہے لیکن سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اس سے شدید موسمی واقعات کے امکانات اور طاقت دونوں میں اضافہ ہوتا ہے بحرین بھی رات بھر گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کی وجہ سے سیلاب کی زد میں آ گیا.