Live Updates

خواتین اور بچوں سے تشدد کے واقعات کی روک تھام لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے،بلال صدیق کمیانہ

بدھ 17 اپریل 2024 16:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِصدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں سول لائنزاوراقبال ٹائون ڈویژنز کی کارکردگی سے متعلق اجلاس بدھ کومنعقد ہوا۔ ترجمان کے مطابق اجلاس میں دونوں ڈویژنز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ سی سی پی او نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق خواتین اور بچوں سے متعلقہ جرائم کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت کی۔

انہوں نے فیلڈ افسران کو صنفی جرائم سے متعلقہ کیسز پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین اور بچوں سے ظلم و تشدد کے واقعات کی روک تھام لاہور پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

بلال صدیق کمیانہ نے واضح کیا کہ اختیارات سے تجاوزکرنے والے عناصر کی محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایس ڈی پی اوز کی ناقص کارکردگی پر ایس پیز بھی جوابدہ ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشنز سے متعلق ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ افسران پروفیشنل پولیسنگ پر توجہ دیں۔سی سی پی او لاہور نے آپریشنز اور انوسٹی گیشن ونگز کو جوائنٹ آپریشنز کرنے اور بیرون ملک فرار اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوں کیلئے قانونی کارروائیاں جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قتل، اقدام قتل، ڈکیتی اور راہزنی کے ملزمان کی فوری گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس شہریوں کے جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کیلئے اپنے فرائض دیانتداری اور جانفشانی سے سر انجام دے۔ڈی آئی جی (انویسٹی گیشن)ذیشان اصغر، ایس ایس پی(ایڈمن)عاطف نذیر، ایس ایس پی(آپریشنز)سید علی رضا،ایس ایس پی (انویسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری، سول لائنز اور اقبال ٹاون ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوزاور انچارجز(انوسٹی گیشن)نے اجلاس میں شرکت کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات