پنجہ صاحب میں بیساکھی کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر ،بھارتی سکھ یاتریوں کو خصوصی ٹرینوں کے ذریعے ننکانہ صاحب پہنچایا گیا

بدھ 17 اپریل 2024 17:04

سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) بیساکھی تہوار میں اندرون و بیرون ممالک اور بھارت سے 2475سکھ یاتریوں نے شرکت کی اور ننکانہ صاحب میں تین روز قیام کرنے کے دوران اپنی مذہبی رسوامات کی ادائیگی کے بعد خصوصی بسوں اور ٹرینوں کے ذریعے پولیس کے سخت حصار میں کرتار پور کیلئے روانہ ہوگئے ۔ بیساکھی تہوار کی تین روزہ تقریبات جو گوردواہ حسن ابدال پنجہ صاحب میں جاری رہیں جس میں جرمنی، امریکہ، کینیڈا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور بھارت سے 2475سکھ یاتریوں نے شرکت کیں ۔

پنجہ صاحب میں بیساکھی کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر ہونے پر بھارتی سکھ یاتریوں کو تین خصوصی ٹرینوں کے ذریعے ننکانہ صاحب پہنچایا گیا ، سکھ یاتریوں کا گوردواہ جنم استھان پہنچنے پر ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد ارشد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صاعد عزیز اور محکمہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے افسران نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور انہیں پھولوں کے ہار پہنا کر استقبال کیا ۔

(جاری ہے)

حکومت پاکستان کی جانب سے سکھ یاتریوں کی رہائش، لنگر اور ٹرانسپورٹ کا بہترین انتظام کیا گیا تھاجس پر سکھ یاتری بہت خوش دکھائی دیے اور ننکانہ میں تمام گوردوارہ جات میں سی سی ٹی وی کمرے، واک تھرو گیٹ اور سکینر لگاے تھے ،گوردوارہ جات سے ملحقہ تما م راستوں کو خار دار تاریں اور بیرز لگا کر عام افراد کا داخلہ بند کیا گیا تھا ۔ سکھ یاتریوں کی سیکیورٹی کے لئے 1600سے زائد پنجاب پولیس، ایلیٹ فورس اور ٹریفک کے اہلکار تعینات تھے۔

سکھ یاتریوں کو سچا سودا فاروق آباد بھی یاترا کیلئے لیجا یا گیا جہاں پر یاتریوں نے اپنی مذہبی رسومات ادا کیں اور دوبارہ گوردوارہ جنم استھان آئے ،سکھ یاتریوں نے گورد وارہ جنم استھا ن میں اپنی مذہبی رسومات ماتھا ٹیکی، اشنان، شبد کیرتن اور ارداس سمیت اپنی دیگر مذہبی رسومات ادا کیں جس کے بعد بدھ کو یاتریوں کو خصوصی بسوں، کوچز اور بھارتی سکھ یاتریوں کو تین خصوصی ٹرینوں کے ذریعے کرتار پور روانہ کردیا گیا جہاں پر وہ اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے۔