اسرائیل سے معاہدہ ختم کرنے کیلئے گوگل ملازمین کا احتجاج، متعدد گرفتار

پروجیکٹ نِمبس پر احتجاج ہوتا رہا ہے، متعدد ملازمین اِسے ذہنی تنا کا سبب بتاکر مستعفی ہوچکے ہیں،غیرملکی میڈیا

بدھ 17 اپریل 2024 17:11

اسرائیل سے معاہدہ ختم کرنے کیلئے گوگل ملازمین کا احتجاج، متعدد گرفتار
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) استعفی بھی دیا تھا گوگل کے سیکڑوں ملازمین نے اسرائیل سے اشتراکِ عمل ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ انہوں نے گوگل کلاڈ کے چیف ایگزیکٹیو ٹامس کوریان کے دفتر کے سامنے جمع ہوکر اسرائیل سے تعلق ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور کم و آٹھ گھنٹے تک دھرنا دے کر دفتر پر قبضہ کیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق احتجاج کی پاداش میں متعدد ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ احتجاج کیلیفورنیا اور نیو یارک میں کیا گیا۔ ملازمین نے کمپنی کی انتظامیہ پر زور دیا کہ اسرائیلی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا ترک کیا جائے۔ جن ملازمین نے گوگل کلاڈ کے سی ای او کے دفتر سے نکلنے سے انکار کیا انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

ان کا مطالبہ تھا کہ اسرائیلی حکومت کو کلاڈ کمپیوٹر سروسز کی فراہمی روکی جائے۔

گوگل ملازمین کے احتجاج کی وڈیو بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بہت بڑے پیمانے پر شیئر کی جارہی ہے۔ اس وڈیو میں احتجاجی ملازمین کو گوگل کلاڈ کے سی ای او کے دفتر میں بیٹھا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اپنے احتجاج کی لائیو اسٹریمنگ بھی کی۔گوگل نے اسرائیلی حکومت کے ساتھ 2021 میں کئی ارب ڈالر کا اے آئی کنٹریکٹ، پرواجیکٹ نِمبس، کیا تھا۔

انتظامیہ نے احتجاج کرنے والے ملازمین کو بتایا کہ ان کی انتظامی رخصت منظور کی گئی ہے، اب وہ احتجاج ترک کردیں۔ جب وہ نہ مانے تو پولیس طلب کی گئی جس نے متعدد ملازمین کو گرفتار کرلیا۔ یہ ملازمین نو ٹیک فار اپارتھائیڈ تحریک کا حصہ ہیں۔ گوگل کے ملازمین میں پایا جانے والا یہ گروپ ادارے کے اہم فیصلوں کے حوالے سے کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرتا رہا ہے۔

احتجاج کرنے والی گوگل ملازمہ ایمان حسیم نے بتایا کہ وہ اپنی ملازمت کھونا نہیں چاہتیں مگر یہ بھی ممکن نہیں کہ وہ ہر ہفتے کام پر آئیں اور پروجیکٹ نِمبس کے خلاف احتجاج بھی نہ کریں۔ ایمان حسیم نے بتایا کہ اسرائیل سے کیے گئے معاہدے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے متعدد ملازمین مستعفی ہوگئے تھے۔ ان ملازمین نے بتایا تھا کہ یہ معاہدہ ان کی ذہنی صحت کے بگاڑ کا سبب بنا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پروجیکٹ نمبس کے ذریعے اسرائیل کو فراہم کی جانے والی خدمات اسرائیل کو غزہ کے حوالے سے مصنوعی ذہانت کے استعمال میں مدد دے رہی ہیں۔ غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کو یہ ملازمین اے آئی کی مدد سے کی جانے والی پہلی نسلی تطہیر قرار دیتے ہیں۔