اسرائیلی فوج کا جبالیہ، نصیرت اور رفح میں حملہ، 56فلسطینی شہید

شمالی اسرائیل میں حزب اللہ کے ڈرون حملوں میں 3 اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے،غیرملکی میڈیا

بدھ 17 اپریل 2024 17:15

تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) اسرائیلی فوج نے جبالیہ، نصیرت کیمپوں اور رفح پر بھی بمباری کی جس میں مزید 56 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں پولیس کی گاڑی پر بھی حملہ کیا جس کے نتیجے میں پولیس کے 7 اہلکاروں سمیت 9 فلسطینی شہید ہوگئے۔

(جاری ہے)

ادھر یونی سیف کا کہنا تھا کہ غزہ میں ہر 10 منٹ میں ایک بچہ جاں بحق یا زخمی ہو رہا ہے، غزہ کے بچوں کو بچانے کے لیے فوری جنگ بندی کی جائے۔

علاوہ ازیں اسرائیلی فوج کے جانے کے بعد خان یونس کے اسکولوں سے پھٹ نہ سکنے والے کئی بم اور گولہ بارود بھی برآمد ہوئے ہیں۔دوسری جانب شمالی اسرائیل میں حزب اللہ کے ڈرون حملوں میں 3 اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے جس کے جواب میں اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے قصبے عین بعال پر ڈرون حملے میں حزب اللہ کے مقامی کمانڈر کو شہید کردیا۔