Live Updates

ضلعی انتظامیہ کی کارروائی،نان و روٹی کی مہنگے داموں فروخت پر45 افراد گرفتار،04 لاکھ سے زائد کے جرمانے

بدھ 17 اپریل 2024 17:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) نان و روٹی کی مہنگے داموں فروخت پر ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے45 افراد کو گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق بدھ کے روز ضلعی انتظامیہ نے2297 مقامات کی چیکنگ کی،45 افراد کو گرفتار اور122 مقدمات کا اندراج کیا جبکہ روٹی و نان قیمتوں کی 311 خلاف ورزیوں پر 04 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے۔

ترجمان نے کہا کہ مہنگی روٹی بیچنے والے بڑے معروف ریسٹورنٹ سیل کرنے کے ساتھ ساتھ بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے،معروف شادمانی تندور،بندو خان گلبرگ،کیپری ہوٹل،ندیم تکہ اور رضوان برگر کو سیل کیا گیا۔اس حوالے سے ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے بتایا کہ اے سی ماڈل ٹائون نے15 معروف مقامات سیل کئے اور03 گرفتاریاں کیں۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے فوڈ سٹریٹ میں مہنگی روٹی بیچنے والے 04 افراد گرفتار اور15 کو جرمانے کئے،اے سی کینٹ نے04 گرفتاریاں کر کے مقدمات کا اندراج کروایا۔

ڈی سی لاہور نے کہا کہ کینٹ میں بٹ کڑاہی،کراچی ہاٹ اینڈ سپائسی اور ڈوگر ریسٹورنٹ کو مہنگی روٹی فروخت پر سیل کیا گیا،اے سی رائیونڈ نے جوہر ٹائون میں5 مقامات سیل کئے اور19 کو جرمانے کئے،اے سی شالیمار نے بیگم پورہ،باغبانپورہ اور داروغہ والا میں05 گرفتاریاں کروائیں۔ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا کہ سیل کیے گئے مقامات روٹی اور نان کی نئی قیمتوں کے اطلاق کے بعد کھولے جائیں گے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق عوام تک ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے اور روٹی نان قیمت ریلیف پروگرام پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ شہری اپنے اردگرد روٹی و نان کی قیمتوں کی خلاف ورزی پر ہمیں سوشل میڈیا یا کال پر اطلاع دیں اور روٹی نان پوائنٹس کی شکایت کے لیے وزیر اعلی پنجاب ہیلپ لائن 0800003245 پراندراج کروائیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات