Live Updates

2 دن میں 10ہزار سے زائد مقامات کو چیک کیا، 80فیصد علاقوں میں سستی روٹی دستیاب ہے‘ بلال یاسین

خلاف ورزی کرنے والے 423گراں فروش گرفتار کیے، 60لاکھ روپے سے زائد جرمانہ کیا، وزیر خوراک پنجاب پنجاب میں پہلی بار کسی حکومت نے روٹی کے معاملے پر بولڈ سٹیپ لیا‘وزیر اطلاعات عظمی بخاری،مشترکہ پریس کانفرنس

بدھ 17 اپریل 2024 17:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) عوام کو سستی روٹی کی فراہمی ہمارا مشن ہے اور اسے ہر صورت کامیاب بنائیں گے۔ ملک کی تاریخ میں پہلی بار آٹے کی قیمت میں اتنی بڑی کمی کی گئی ہے جس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچا کر رہیں گے۔ دو دن میں 10ہزار سے زائد مقامات کو چیک کیا گیا جن میں سے 20فیصد پر خلاف ورزی پائی گئی اور فوری ایکشن لیا گیا۔

پنجاب میں 423گراں فروش گرفتار کیے جاچکے اور 60لاکھ روپے سے زائد جرمانہ کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین اور وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری نے ڈی جی پی آر ہیڈکوارٹرز میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا کہ پنجاب میں 80 فیصد مقامات پر روٹی اور نان نئی قیمت پر دستیاب ہیں جسکے لیے انتظامیہ دن رات محنت کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ روٹی اور نان کی قیمتوں میں کمی کرنے سے پہلے محکمہ انڈسٹری، ایگریکلچر اور فوڈ نے تمام اعدادوشمار کو اچھی طرح ورکنگ کی اور پھر نئے ریٹ نوٹیفائی کیے گئے۔ وزیر خوراک نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے حکومت میں آئے ہیں اور وزیراعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق روٹی کی قیمت میں مزید کمی لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی خریداری مکمل میرٹ کی بنیاد پر ہوگی اور کسان کو ہر ممکن ریلیف دیں گے۔

وزیر خوراک نے کہا کہ گندم کی نوٹیفائیڈ قیمت 3900روپے فی من ہے جس کیلئے نمی کا تناسب 10فیصد تک رکھا گیا ہے۔ پنجاب بڑا بھائی ہونے کے ناطے ملک بھر کی گندم کی ضرورت پوری کر رہا ہے۔ کسان کارڈ کی صورت میں کاشتکاروں کیلئے تاریخی پیکج لا رہے ہیں جس سے زرعی مداخلت کی قیمت میں کمی آئے گی اور حتمی طور پر فصلات کی قیمت کم ہونے سے ہر شہری کو ریلیف ملے گا۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا کہ نقل کیلئے بھی عقل چاہیے جو کہ ہمارے مخالفین میں نہیں ہے اور حکومت پنجاب کے ہر احسن اقدام پر بھی بے جا تنقید کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبے وزیراعلی پنجاب کو کاپی کرتے ہیں۔ عوام کو ریلیف دینے کے معاملے میں کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔ پنجاب میں پہلی بار کسی حکومت نے روٹی کے معاملے پر بولڈ سٹیپ لیا ہے۔

مریم نواز کو عام آدمی کی فکر ہے ، انہیں فکر ہے کہ عام آدمی کو سستی روٹی ملنی چاہیے۔ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کیونکہ وہ سب کام عوام کی بھلائی کیلئے ہو رہے ہیں۔ پوری انتظامیہ اس وقت فیلڈ میں موجود ہے اور سستی روٹی اور نان کی نوٹیفائیڈ قیمتوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شروع میں ہر کام میں مشکلات آتی ہیں، جب عام آدمی کو ریلیف دینے کی بات آئے تو رکاوٹیں بھی ڈالی جاتی ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ڈکشنری میں ناممکن کا لفظ نہیں ہے۔ تمام سٹیک ہولڈرز آن بورڈ ہیں اور حکومت کا مقصد عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات