ضلعی انتظامیہ راولپنڈی اور وزیراعلی پنجاب کی سپیشل انیشی ایٹو کمیٹی کا راولپنڈی کے مختلف علاقوں کا دورہ، روٹی و نان کی مقرر کردہ قیمتوں کا جائزہ لیا

بدھ 17 اپریل 2024 17:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) ضلعی انتظامیہ راولپنڈی اور وزراعلی پنجاب کی سپیشل انیشی ایٹو کمیٹی ایم پی اے بلال یامین ستی نے راولپنڈی مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔دورے کے دوران کمیٹی نے روٹی اور نان کی مقرر کردہ نرخوں کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔کمیٹی نے پنجاب میں سستی روٹی مقرر کردہ نرخوں سے زائد فروخت کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ کیا جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نانبائیوں کو مذاکرات میں الٹی میٹم دے دیا گیا۔

ایم پی اے بلال یامین ستی نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں ہونے کمی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائیں گے،تندور دکانیں سیل، گیس میٹر اور قیمتی سامان ضبط کیے جانے سمیت بھاری جرمانے اور گرفتاریاں کی جائیں گی، مقرر ہ نرخ سے زائد روٹی فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے 5600 روپے من آٹے کی قیمت 1 ہزار روپے فی من کمی کردی ہے۔

آٹے کی موجودہ قیمت 4600 روپے فی من مقرر ہے،حکومت پنجاب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، راولپنڈی سمیت ٹیکسلا، واہ، گوجر خان، کلر سیداں، کہوٹہ اور کوٹلی ستیاں میں انتظامیہ کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں،حکومت پنجاب کے روٹی اور نان کی مقرر کردہ قیمتوں پر عملدرآمد کے لیے بلاتفریق آپریشن کیا جائے گا۔حکومت پنجاب نے ڈھائی من آٹے کی بوری 2500 روپے کم کرنے کے بعد روٹی 16 روپے اور نان 20 روپے مقرر کی ہےجبکہ 150 نانبائی دکانوں کی چیکنگ کی گئی، 27 نانبائی دکانیں سیل کی گئی، 9 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں اور 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔