Live Updates

}میئر پشاور حاجی زبیر علی بارش و سیلاب متاثرین کے مسیحا بن گئے

متاثرہ خاندان فوٹو سیشن کے نہیں حقیقی مدد کے حقدار ہیں صوبائی حکومت عوام کی توقعات پر پوری نہیں اتری میئر پشاور

بدھ 17 اپریل 2024 18:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2024ء) میئر پشاور حاجی زبیر علی نے پشاور شہر کے نواحی علاقوں جس میں سردار احمد جان کالونی ،ْ عیسی خیل ،ْ لنڈے سڑک ،ْ مقضود آباد ،ْلڑمہ ،ْ توپ چیان ،ْ توحید آباد اور دیگر علاقوں میں تیسرے روز بھی بارش و سیلاب سے متاثرہ سینکڑوں خاندانوں کو کھانے پینے کی اشیا، پینے کا صاف پانی، ادویات، بستر اور نقد رقوم پر مشتمل امدادی سامان بلا تفریق مہیا کیا، امدادی قافلے کے ہمراہ صبح سے شام گئے تک متاثرہ علاقوں میں گھر گھر پہنچے ، علاقہ مکینوں سے نقصانات کے بارے تفصیلات جانیں ، متاثرین کو اپنے ہاتھوں سے پانی پلایا۔

اس موقع پر جے یو آئی رہنما ارباب فاروق جان چیئرمین شاہ عالم کلیم اللہ ڈائریکٹر ویسٹ ریاض اعوان قیصر باچہ منتخب بلد یاتی چیئرمین اور دیگر افراد بھی انکے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

میئر حاجی زبیر علی کی نگرانی میں متاثرہ علاقوں میں بارش و سیلاب سے متاثرہ بیماریوں میں مبتلا خاندانوں کے لیے میڈیکل ٹیم اور ادویات بھی پہنچائیں گئیں۔ اس موقع پر میئر پشاور حاجی زبیر علی نے کہاکہ متاثرہ خاندان فوٹو سیشن کے نہیں حقیقی مدد کے حقدار ہیں ،ْ عوام کی نظریں خیبرپختونخوا حکومت کی جانب بھی ہیں ، بہر حال ہم نے کوشش کی ہے کہ عوام کو ضروریات زندگی کی اشیاء فی الفور فراہم کریں جس میں ان کو بسترے ، خوراک، پانی اور دوائیاں تقسیم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اس کار خیر کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز صاحبہ سے بھی درخواست کرتاہوں کہ جیسے ماضی میں شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے میری ایک اپیل پر لبیک کہا تھا بالکل اسی طرح مریم نواز بھی اس سلسلے میں ضلع پشاور کے اطراف کے علاقوں کے تباہ حال شہریوں کی مدد کریں تاکہ بارشوں اور سیلاب زدہ علاقوں میں ضروریات زندگی کی اشیا فراہم کرسکیں، سکولوں اور گھروں کا فرنیچر، ادویات، دوبارہ تعمیر، کھاد، ٹیوب ویل، زراعت اور دیگر امور میں ہماری مدد کریں اور ہمارے ساتھ تعاون کریں۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی ہمارے صوبے پر کوئی آفت آئی ہے تو اس میں پنجاب حکومت نے ہماری بھرپور سرپرستی کی ، اسی طرح جب پہلے ہمارے صوبے میں ڈینگی کی وبا آئی تو اس وقت کے وزیر اعلی شہبازشریف نے خصوصی ٹیمیں بھجیں جبکہ دو صوبائی وزیر بھی بھیجے جنہوں نے مکمل نگرانی کی، ہمارے لیے خوشی کی بات ہے کہ اس ملک میں ایسے بھی رہنما ہیں جو نہ صر ف اپنے صوبے بلکہ پورے پاکستان کی سطح پر عوام کو ضروریات زندگی پہنچا رہے ہیں۔

اس سلسلے میں مخیر حضرات اور بزنس کمیونٹی بھی آگے آئیں اور سیلاب زدگان کی مدد میں اپنا حصہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ بڈھنی نالے کے قریب علاقوں میں کئی سکولوں میں فرنیچر ، بچوں کی کتابیں کاپیاں اور انفراسٹرکچر بھی بارش و سیلاب کی نذر ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حتی الوسع کوشش کررہے ہیں کہ سیلاب زدگان کی ہرقسم کی مدد کریں اور ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی انکی بحالی تک یہ سفر جاری رکھیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات