}حملہ آوروں نے سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کا مقصد بتادیا

گ*جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کے کہنے پر اور رقم کے عوض فائرنگ کی،حملہ آور

بدھ 17 اپریل 2024 18:11

4 ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2024ء) بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کرنے والے ملزمان سے ممبئی پولیس نے تفتیش مکمل کرلی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کی ممبئی باندرہ رہائش گاہ پر فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان کو گجرات کے شہر بھوج سے گرفتار کیا گیا اور دونوں ملزمان کا تعلق ریاست گجرات کے علاقے بہار سے ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی کرائم برانچ کے یونٹ 9 نے گزشتہ شب گرفتار ہونے والے دونوں ملزمان سے تفتیش مکمل کرکے مقامی عدالت میں رپورٹ جمع کروائی۔ممبئی پولیس نے مقامی عدالت میں انکشاف کیا ہے کہ سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں ملوث گرفتار دونوں ملزمان کا مقصد بالی ووڈ اسٹار کو قتل کرنا تھا، جبکہ ملزمان نے فائرنگ کے بعد اپنی پستول سورت کے دریا میں پھینک دی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس نے اس حملے کے ماسٹر مائنڈ کا پتا لگانے کے لیے عدالت سے دونوں ملزمان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی ہے جبکہ اس سے قبل ملزمان کو 9 روزہ ریمانڈ کے لیے پہلے ہی پولیس کی تحویل میں دیا گیا ہے۔قبل ازیں پولیس کو دیے گئے بیان میں ملزمان نے بتایا کہ انہوں نے جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کے کہنے پر اور رقم کے عوض سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کی۔پولیس نے میڈیا کو بتایا تھا کہ ملزمان کا مقصد اداکار یا ان کے اہل خانہ کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ خوف پھیلانا تھا۔