Live Updates

وزیر اعلی کا ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے گیم چینچر ثابت ہوگا‘ عاشق حسین کرمانی

کاشتکاروں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئی150 ارب ،5 ہزار ٹیوب ویلز کی سولر سسٹم پر منتقلی کیلئے 10 ارب مختص کئے گئے ہیں‘ وزیر زراعت

بدھ 17 اپریل 2024 18:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت اعلی سطحی کے اجلاس ہوا جس میں کسان کارڈ اور زرعی ٹیوب ویلز کی سولر سسٹم پر منتقلی سے متعلق پلان کو حتمی شکل دی گئی۔ وزیر زراعت عاشق علی کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے ایک گیم چینچر ثابت ہوگا۔

کسان کارڈ فلیگ شپ پروگرام کے تحت5 لاکھ کاشتکاروں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئی150 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ کاشتکاروں (مالک/ مزارعہ/ٹھکیدار)کو فصلوں کی کاشت اور زرعی مداخل کی بروقت خرید کیلئی1 لاکھ50 ہزار روپے ایک کراپ سیزن کے دوران فراہم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس سکیم کے تحت5 سے ساڑھی12 ایکڑ زمین رکھنے والے کاشتکاروں کو کسان دوست قرضوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

صوبائی وزیر عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں 5 ہزار ٹیوب ویلز کی سولر سسٹم پر منتقلی کیلئے 10 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں،ٹیوب ویلز کی سولر سسٹم پر منتقلی کے بعد کاشتکاروں کو بجلی کے مہنگے یونٹس پر ہونے والے اخراجات سے نجات ملے گی اور ان کی پیداواری لاگت میں واضح کمی آئے گی۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعلی کے پروگرام کے تحت صوبہ پنجاب میں اگلے دو سالوں کے دوران 60 ارب روپے کی لاگت سی7300 کھالہ جات کو پختہ کیا جائے گا،اس پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو زمین کی ہمواری کیلئے لیزر لینڈ لیولرز سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے۔

سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو ڈیجیٹلائزڈ قرضوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ، محکمہ زراعت کی خصوصی ٹیمیں زیرِ سطح موجود پانی اور دوسری ٹیکنیکل رپورٹس کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ٹیوب ویلز کو سولر سسٹم پر منتقلی کریں گی۔ ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام کے تحت زرعی ریسرچ کے اداروں میں اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔

اجلاس میں اسپشل سیکرٹری زراعت ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (پلاننگ)کیپٹن (ر)وقاص رشید،ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع ڈاکٹر اشتیاق حسن، چیف سائنٹسٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد ڈاکٹر ساجد الرحمان، ڈائریکٹر جنرل زراعت (اصلاح آبپاشی)ملک محمد اکرم،ڈائریکٹر جنرل زراعت فیلڈ انجینئرسہیل احمد، کنسلٹنٹ محکمہ زراعت ڈاکٹر انجم علی اور ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات