Live Updates

پنجاب کے عوام کو ائیر ایمبولینس کی نہیں صحت کارڈ جیسے منصوبے کی ضرورت ہے، بیرسٹرڈاکٹرسیف

بدھ 17 اپریل 2024 20:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کو ائیر ایمبولینس کی نہیں صحت کارڈ جیسے منصوبے کی ضرورت ہے۔کاپی کیٹ مریم نواز ہر چیز میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی کاپی کر رہی ہیں لہذا ہمیں خوشی ہوگی اگر وہ صحت کارڈ منصوبے کی بھی کاپی کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر سے جاری ایک ویڈیو پیغام میں کیا۔مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے شفاف طریقے سے رمضان اور عید پیکیج بینک کے ذریعے تقسیم کئے جن کا باقاعدہ ریکارڈ موجود ہے۔انکا کہنا تھا کہ بڑے میاں لندن بھاگنے کی کوشش میں مصروف ہیں مگر بری طرح پھنس گئے ہیں۔

(جاری ہے)

مریم نواز نے رمضان پیکیج پر بھی نواز شریف کی تصاویر لگائی تھیں،مریم نواز رمضان پیکیج کا ریکارڈ بھی سامنے لے آئیں جبکہ پنجاب حکومت نے رمضان پیکیج صرف لیگی کارکنوں میں تقسیم کیاہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ مریم نواز تاحال پی ٹی آئی منصوبوں پر تختیاں لگا رہی ہیں،پنجاب حکومت پہلے صحت کارڈ جیسا انقلابی منصوبہ دے پھر ائیر ایمبولینس کا ڈرامہ کرے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے محکمہ صحت کا سارا بجٹ جاتی امراء کیلئے مختص کیا ہے۔شریف خاندان سر درد کیلئے بھی لندن جاتے ہیں اورچوتھی بار وزیر اعظم کا خواب دیکھنے والے اب تندوروں کا دورہ کر رہے ہیں جبکہ پنجاب حکومت تاحال عوام کو صحت کارڈ جیسا منصوبہ دینے میں ناکام رہی ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات