پشاور،حکمر انوں کی نا اہلی ‘ باران رحمت شہریوں کیلئے زحمت بن گئی

صوبے کے بیشتر اضلاع کی سٹرکیں اور گلی محلے ندی نالوں کا منظر پیش کر رہے ہیں‘ روبینہ خالد

بدھ 17 اپریل 2024 22:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صوبائی صدر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ صوبے کے حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے باران رحمت شہریوں کیلئے زحمت بن چکی ہے۔صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع کی سٹرکیں اور گلی محلے ندی نالوں کا منظر پیش کر رہے ہیں حالیہ بارشوں کے بعد شہر کی صورت حال پر اپنے بیان میں روبینہ خالد نے کہا کہ بارش کے بعد سیوریج کے ناقص نظام کی وجہ سے لوگوں کے گھروں میں پانی گھس گیا ہے جس سے شہریوں کے لیے بارش کا پانی انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے زحمت بنا ہوا ہے۔

شہر بھر کے مختلف علاقوں میں فیڈر ٹرپ ہو جانے سے شہری بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں جبکہ لیسکو انتظامیہ ان کی بات سننے کو تیار نہیں۔

(جاری ہے)

پی پی رہنما روبینہ خالد نے کہا کہ بارشوں کے حوالے سے شہر بھر میں مثبت پالیسیاں اپنائی جائیں اور مثاثرہ علاقوں میں بجلی کی فوری بحالی اور پانی کی نکاسی کے کام کو جلد ازجلد سرانجام دیا جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف میسر ہو۔انہوںنے کہا کہ بلدیاتی ادارے غیر فعال ہونے کی وجہ شہری مسائل دن بدن بڑھتے چلے جارہے ہیں اور صوبائی دارالحکومت کے شہریوں کا کوئی والی وارث نہیں۔صوبائی حکومت بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں شہریوں کی مدد کیلئے ریلیف کے کاموں کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی ہدایات جاری کرے۔