آر پی او کی سر براہی میں ملاکنڈ ڈویژن کے پولیس افسران کی کرائم میٹنگ کا انعقاد

منشیات فروشوں ،غیر قانونی اسلحہ و دیگر جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کئے گئے اقدامات ،زیر تفتیش کیسز کا تقابلی جائزہ لیاگیا

بدھ 17 اپریل 2024 22:09

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) ریجنل پولیس آفیسر محمد علی خان کی سر براہی میں ملاکنڈ ڈویژن کے پولیس افسران کے ساتھ کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیاجس میں ڈی پی او سوات،ڈی پی او بونیر، ڈی پی او شانگلہ سمیت ایس پی انوسٹی گیشنز و ڈی ایس پیز نے شرکت کی، آر پی او ملاکنڈ نے منشیات فروشوں خصوصا آئس، غیر قانونی اسلحہ اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کئے گئے اقدامات اور زیر تفتیش کیسز کا تقابلی جائزہ لیا، انہوں نے تمام زیر التواء کیسز جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے اور جامع تفتیش کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لانے کی ہدایت کی، انہوں نے پولیس افسران پر زور دیتے ہوئے جرائم کی روک تھام کیلئے سرپرائز ناکہ بندیاں، سنیپ چیکنگ، انفارمیشن بیسڈ سرچ اپریشنز اور پولیس گشت میں اضافے کی بھی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں خصوصاً آئس،غیر قانونی اسلحہ اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جامع کریک ڈاون کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں اور اہم و حساس سرکاری عمارتوں کے سکیورٹی آڈٹس کا سلسلہ جاری رکھا جائے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعات رونما نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹیوں کو مزید فعال بنائیں کیونکہ ڈی آر سی ایک جرگہ سسٹم ہیں جو غریب اور مظلوم عوام کو اٴْن کی دہلیز پر فوری انصاف فراہمی کا کردار ادا کر رہی ہیںانہوں نے منشیات فروشوں کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کا آغاز کرنے کی بھی ہدایت کردی ۔