سکیورٹی سپروائزر متروکہ وقف املاک بورڈ کا سرکاری اراضی پر ناجائزتعمیر روکنے پر انکروچمنٹ ٹیم پر حملہ

بدھ 17 اپریل 2024 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) متروکہ وقف املاک بورڈ کے سکیورٹی سپروائزراور خواتین سمیت درجن سے زائد افراد نے سرکاری اراضی پر ناجائزقبضہ و تعمیرکرنے سے روکنے پر اینٹی انکروچمنٹ ٹیم پر ہلہ بول دیا۔

(جاری ہے)

پولیس رپورٹ کے مطابق محکمہ اوقاف کا سکیورٹی گارڈ رانا ارسلان، فیاض سیال ، ڈاکٹر منور اور غلام حسین وغیرہ مدینہ ٹائون ننکانہ صاحب میں متروکہ وقف املاک بورڈ(حکومت پاکستان )کی ملکیتی اراضی پر ناجائز تعمیر کر رہے تھے جنہیں آفیسر انچارج اینٹی انکروچمنٹ ٹیم ملک زاہد امجد نے ٹیم کے ہمراہ وہاں پہنچ کرغیر قانونی تعمیر کرنے سے منع کیاتو رانا ارسلان وغیرہ درجن سے زائد مسلح مردو خواتین نے ٹیم پر حملہ کردیا ،انہیں گالیاں اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔

پولیس تھانہ سٹی ننکانہ صاحب نے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ املاک ننکانہ صاحب فضل الرحمن کی مدعیت میں رانا ارسلان، فیاض سیال ، ڈاکٹر منور اور غلام حسین سمیت6/7 نامعلوم افراد اور3/4 خواتین کے خلاف کار سرکار میں مداخلت ، ناجائز قبضہ و تعمیر کرنے ،سنگین نتائج اور قتل کی دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔