وزیراعظم سے ترکمانستان کے سفیر کی ملاقات،علاقائی تعاون بارے اقدامامت پر تبادلہ خیال

پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تجارت، توانائی اور مواصلات کے شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے،شہباز شریف

بدھ 17 اپریل 2024 22:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تجارت، توانائی اور مواصلات کے شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر عطاجان مولویوف نے وزیر اعظم ہائوس میں ملاقات کی، ترکمان سفیر نے ترکمان قیادت کی جانب سے وزیر اعظم کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف اور ترکمان عوام کے قومی رہنماء گربنگولی بردی محمدوف کا مبارکباد کے پیغامات پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے دونوں رہنمائوں کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ملاقاتوں کا یہ تسلسل جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دیرینہ، تاریخی اور ثقافتی تعلقات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون خصوصا تجارت، توانائی اور مواصلات کے شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

ملاقات میں علاقائی تعاون کے حوالے سے اقدامامت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطح کے تبادلوں کو بڑھانے اور دوطرفہ ادارہ جاتی میکانزم کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ترکمانستان کے سفیر نے وزیراعظم کو دوطرفہ سرگرمیوں بارے کیا۔ترکمان سفیر نے فرائض کی انجام دہی میں وزارت خارجہ اور دیگر سرکاری محکموں کے تعاون اور حمایت پر اظہار تشکر کیا۔