شیر افضل مروت کا بیان پاکستان کی معاشی بہتری کے حوالے سے سعودی سرمایہ کاری میں رخنہ اندازی ڈالنے کی گھنائونی سازش ہے،بیرسٹر عقیل ملک

بدھ 17 اپریل 2024 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) ترجمان برائے قانونی امور، حکومت پاکستان بیرسٹر عقیل ملک نےواضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے باقاعدہ سوچ سمجھ کر شیر افضل مروت سے بیان دلوایا۔شیر افضل مروت کا بیان پاکستان کی معاشی بہتری کے حوالے سے سعودی سرمایہ کاری میں رخنہ اندازی ڈالنے کی مذموم اور گھنائونی سازش ہے۔

بدھ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کے نقصان کی مذموم کوشش کر کے پی ٹی آئی کا سعودی عرب مخالف بیان سے لاتعلقی مضحکہ خیز ہے۔ پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے ایک ایسے وقت میں الزام عائد کیا جب سعودی اعلیٰ سطحی وفد پاکستان کے دورہ پر تھا۔پی ٹی آئی نے ہمیشہ دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شیر افضل مروت کا بیان بھی پاکستان کی معاشی بہتری کے حوالے سے سعودی سرمایہ کاری میں رخنہ اندازی ڈالنے کی مذموم اور گھنائونی سازش ہے۔

ترجمان برائے قانونی امورنے کہا کہ بدقسمتی سے پی ٹی آئی شیر افضل مروت جیسے لوگوں سے بھری پڑی ہے- ان کے پاس میڈیا پر شیر افضل جیسے غیر ذمہ دار اور سوشل میڈیا پر ڈیجیٹل شدت پسند ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی تاریخ اس بات کا ثبوت ہے کہ اس نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کے خلاف کام کیا۔ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لئے جب حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کی بحالی کی کوششیں کیں تو پی ٹی آئی نے اس کو رکوانے کی سازشیں کی۔

پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے، آئی ایم ایف دفتر کے باہر مظاہرے کئے۔انہوں نے کہا کہ سائفر سازش، چینی صدر کی آمد کے موقع پر پی ٹی آئی دھرنا، سی پیک مخالف بیان بازی اور بے بنیاد الزام تراشی پی ٹی آئی کی تاریخ رہی ہے۔پاکستان کے مفادات کے خلاف کام کرنا اور بعد ازاں یو ٹرن لینا پی ٹی آئی کا پرانا وطیرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جو جماعت شہداء کی یادگاروں کو جلا سکتی ہے وہ ملکی مفاد کے خلاف کچھ بھی کر سکتی ہے۔ یو ٹرن ماسٹرز نے پہلے قومی اسمبلی تحلیل کر کے آئین شکنی کی اور آج آئین کے تحفظ کی آڑ میں ایک مرتبہ پھر فساد پھیلانا چاہتے ہیں۔