بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماءاخونزادہ چٹان پر حملہ کرنے والوں کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا

،خیبرپختونخوا حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام ہو چکی، باجوڑ میں ضمنی انتخاب کی مہم کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار اخوندزادہ چٹان کو نشانہ بنانا انتہائی تشویش ناک ہے،بیان

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 18 اپریل 2024 10:38

بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماءاخونزادہ چٹان پر حملہ کرنے والوں ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل2024 ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے سینئر رہنما ءاخوندزادہ چٹان پر حملے کی مذمت کی اور حملہ آوروں کو فوری طور پر گرفتاری کا مطالبہ کردیا،خیبرپختونخوا حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام ہو چکی۔ باجوڑ میں ضمنی انتخاب کی مہم کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار اخوندزادہ چٹان کو نشانہ بنانا انتہائی تشویش ناک ہے۔

اپنے بیان میں چیئرمین پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت امن و امان کے قیام میں ناکام ہوچکی ہے۔ جبر و تشدد اور دہشت گردی سے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے۔پیپلزپارٹی کے قائدین اور کارکنوں نے جمہوریت کیلئے اپنی جانیں قربان کی ہیں ۔

(جاری ہے)

ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں ڈرایا نہیں جا سکتا ۔ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار اخونزادہ چٹان کی گاڑی پر بم حملہ کیا گیا تھا جس میں و ہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز مالا کنڈ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 8 باجوڑ سے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار اخون زادہ چٹھان کی گاڑی کے قریب بم دھماکہ ہوا تھاجس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہواتھا ۔ گاڑی بم پروف ہونے کی وجہ سے اخونزادہ چٹان محفوظ رہے تھے۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) باجوڑ بخت منیر نے تحصیل ماموند میں پیپلز پارٹی کے رہنما پر حملے کی تصدیق کی تھی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما پر حملہ اس وقت کیا گیا جب کہ وہ جلسے سے خطاب کے بعد واپس خارآرہے تھے۔ دھماکا خیزمواد سڑک کنارے کھڑی کی گئی موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا، جب پی پی امیدوار کی گاڑی موٹر سائیکل کے قریب پہنچی تو دھماکا ہوگیا تھا۔ریجنل پولیس افسر (آر پی او) مالاکنڈ محمد علی گنڈا پور کا کہنا تھا کہ اخونزادہ چٹان دھماکے میں محفوظ رہے، علاقہ ماموند میں بم سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا۔