فلائی جناح کا اسلام آباد سے مسقط نان سٹاپ پرواز کے آغاز کا اعلان

نیا روٹ کمپنی کے شارجہ متحدہ عرب امارات پر مشتمل بین الاقوامی روٹس کی فہرست میں اضافہ کرے گا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 18 اپریل 2024 13:41

فلائی جناح کا اسلام آباد سے مسقط نان سٹاپ پرواز کے آغاز کا اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل 2024ء ) نجی ایئر لائن فلائی جناح نے اسلام آباد اور عمان کے دارالحکومت مسقط کے درمیان اپنی پہلی نان سٹاپ پرواز 10 مئی سےشروع کرنے کا اعلان کردیا۔ جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں ترجمان فلائی جناح نے کہا کہ اس نئے روٹ پر ابتدائی طور پر ہفتہ وار 2 پروازیں چلائی جائیں گی، اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ اور مسقط انٹر نیشنل ایئر پورٹ کے درمیان پروازوں کا شیڈول 10 مئی سے نافذ العمل ہوگا، نیا روٹ فلائی جناح کے شارجہ متحدہ عرب امارات پر مشتمل بین الاقوامی روٹس کی فہرست میں اضافہ کرے گا۔

فضائی کمپنی کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ فلائی جناح کواسلام آباد اور لاہور سے شارجہ کیلئے بین الاقوامی پروازوں کے کامیاب آغاز کے بعد اسلام آباد سے عمان کے دارالحکومت مسقط تک اپنا تیسرا بین الاقوامی روٹ متعارف کرانے اور یہ نیا سنگ میل عبور کرنے پر انتہائی فخر ہے، بین الاقوامی روٹ میں یہ توسیع ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مسافروں کو سستے فضائی سفر کی سہولت فراہم کرنے کے ہمارے عزم کے عین مطابق ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان کے لیکسن گروپ اور شارجہ کی ایئرعربیہ ایئرلائن کے مشترکہ منصوبے ’فلائی جناح‘ کو گزشتہ سال اکتوبر میں بین الاقوامی روٹس پر کام کرنے کا اجازت نامہ ملا، کمپنی کے افغانستان، بنگلہ دیش، عراق، ملائیشیا، عمان، قطر، سعودی عرب، تھائی لینڈ، ترکی اور یو اے ای کے لیے براہ راست آپریشن شروع کرنے کے منصوبے ہیں جب کہ اکتوبر 2022ء میں قائم ہونے والی ’فلائی جناح‘ نے گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان کے پانچ بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کو اپنے فضائی نیٹ ورک کے ذریعے جوڑنے کے لیے مقامی طور پر کامیابی سے کام کیا ہے۔