وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی سے ڈنمارک کے سفیر کی ملاقات، ماحولیاتی تبدیلیوں پر قریبی تعاون، علم کے تبادلے اور مشترکہ سرگرمیوں کی ڈیزائننگ پر اتفاق

جمعرات 18 اپریل 2024 17:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے ماحولیاتی تبدیلیاں رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ گلوبل وارمنگ، گلیشیئرز کے پگھلنے، شہری جنگلات کی کٹائی، گرمی کی لہروں، خطرے سے دوچار نایاب نسلوں کی بقا اور کاربن کریڈٹ جیسے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ماحولیاتی سفارت کاری اپنانے کی ضرورت ہے۔

یہ بات انہوں نے پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر جیکب لینوف سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں فریقین نے ماحولیاتی تبدیلیوں پر قریبی تعاون، علم کے تبادلے اور مشترکہ سرگرمیوں کی ڈیزائننگ پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی نے موسمیاتی بحران کے خلاف لڑنے کے لیے ترقی پذیر ممالک میں فنڈز کی منصفانہ تقسیم پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہماری آنے والی نسلوں کو بچانے کے لیے آب و ہوا کے بحران سے اب یا کبھی نہیں کی بنیاد پر نمٹنا ہے جس کا بصورت دیگر نقصان ہوگا۔ رومینہ خورشید عالم نے خطے کے لحاظ سے موسمیاتی حل پر زور دیا کیونکہ چند ممالک میں خشک سالی کے مسائل ہیں جبکہ دیگر میں سیلاب کے چیلنجز ہیں۔ ڈنمارک کے سفیر نے ایسے اہم موضوع پر ذمہ داری سنبھالنے پر وزیراعظم کے رابطہ کار کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے فعال کردار اور ان کے وژن کو سراہا۔

وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر نے 2022 کے سیلاب کے دوران پاکستان کی مدد کرنے پر ڈنمارک کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں اطراف نے موسمیاتی تبدیلی پر تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ رومینہ خورشید عالم نے اس دورہ پر سفیر کا شکریہ ادا کیا اور اپنے ڈنمارک کے ہم منصب کو آب و ہوا سے متعلق تعاون کو با ضابطہ بنانے کی دعوت بھی دی۔\932