امہ سستا اسٹور عوام کیلئے مہنگائی سے ریلیف کا ذریعہ بن گیا

رمضان المبارک کے دوران ہزاروں خاندان مستفید ، امہ سستا اسٹور مستقل پروجیکٹ ہے، حاجی عبد الرزاق بیلی

جمعرات 18 اپریل 2024 17:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) امہ سستااسٹور کراچی کے شہریوں کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کا ذریعہ بن گیا،روزانہ سینکڑوں خواتین وحضرات رعایتی داموں اشیا خوردونوش حاصل کررہے ہیں،رمضان المبارک کے دوران ہزاروں خاندان مستفید ہوئے ہیں،شہریوں کے پرزور مطالبے پر امہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان نے شہر قائد میں مزید امہ سستا اسٹورقائم کرنے کیلئے تیاریاں شروع کردیں،امہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان کے تحت تین امہ سستا اسٹور قائم کیے گئے ہیں جو ماری پور روڈ پر، بلدیہ ٹان میں جامعہ الصفہ اور کورنگی میں دارالعلوم کراچی کے قریب قائم ہیں،امہ سستا اسٹورکا افتتاح امہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان کے بانی و چیئر مین مولانامحمد ادریس نے کیا تھا،امہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان سندھ اور بلوچستان کے ذمہ دار سینئر وائس چیئرمین حاجی عبد الرزاق بیلی کا کہنا ہے کہ امہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان نے تنخواہ دار، متوسط اور کم آمدنی والے طبقات کیلئے امہ سستا اسٹور پروجیکٹ کی صورت میں مستقل ریلیف پیکیج کا اجرا کیا ہے جس کے تحت امہ سستا اسٹور پر سال کے بارہ مہینے روزانہ کی بنیاد پر سستی اشیا دستیاب ہیں،شہر میں مزیدامہ سستا اسٹورقائم کئے جائیں گے تاکہ عوام کو سستے داموں اعلی معیار کی اشیائے خوردونوش میسر ہوں،امہ سستا اسٹور کے مینیجر وقاص کے مطابق امہ سستا اسٹور پر اشیائے خوردونوش ریٹ ٹو ریٹ دی جاتی ہیں اور عام مارکیٹ کے مقابلے میں مختلف اشیا کی قیمتوں میں 10 روپے سے 100 روپے تک کا فرق ہے،امہ سستا اسٹور کے تمام اضافی اخراجات اور ملازمین کی تنخواہیں امہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان ادا کررہاہے اورصارفین پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا جاتا،اس لئے رعایتی نرخوں کا فائدہ براہ راست شہریوں تک پہنچتا ہے،رمضان المبارک کے دوران ہزاروں معیاری راشن پیکج بھی امہ سستا اسٹور کی طرف سے تیار کیے گئے۔