Live Updates

لاہور کے ایک قومی اور چار صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی الیکشن کا میدان 21 اپریل کو سجے گا

جمعرات 18 اپریل 2024 19:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) لاہور کے ایک قومی اور چار صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی الیکشن کا میدان 21 اپریل کو سجے گا، جنرل الیکشن میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خالی کردہ قومی اسمبلی کی اس نشست پر ضمنی الیکشن میں 9 امیدوار میدان میں اتریں گے ۔ این اے 119میں اس بار مختلف سیاسی جماعتوں کے تین امیدوار جن میں مسلم لیگ( ن) کے علی پرویز ملک ،سنی اتحاد کونسل کے شہزاد فاروق جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے محمد ظہیر شامل ہیں جبکہ چھ امیدوار آزاد حیثیت سے میدان میں اتر رہے ہیں۔

این اے 119میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 30 ہزار ایک سو 67ہے جن میںدو لاکھ 48ہزار پانچ سو 81خواتین جبکہ دو لاکھ 81ہزار پانچ سو 86مرد ووٹرز ہیں۔این اے 119میں مجموعی طور پر 3سو 38 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گے جن میںمردوں کے لیے 89جبکہ خواتین کے لیے بھی 89 جبکہ مشترکہ پولنگ اسٹیشنز 160ہونگے ۔

(جاری ہے)

لاہور کے چار صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں سے پی پی 147 سے کل 11امیدوار میدان میں اتریں گے۔

پی پی 147 سے مسلم لیگ( ن) کے ملک ریاض، سنی اتحاد کونسل کے شاہ رخ جمال، تحریک لبیک پاکستان کے محمد یاسین جبکہ آٹھ امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے۔ اس حلقے میں مسلم لیگ ن نے سابق ایم این اے ملک ریاض کو میدان میں اتارا ہے جبکہ انکے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار شاہ رخ جمال اپنا پہلا الیکشن لڑ رہے ہیں۔پی پی 147میں کل ووٹرز 3لاکھ 74 ہزار آٹھ سو 47ہے جن میں ایک لاکھ 73 ہزار ایک سو 72 خواتین جبکہ دو لاکھ ایک ہزار چھ سو 80 مرد ووٹرز کی تعداد ہے۔

پی پی 147میں مجموعی طور پر 2سو 32 پولنگ اسٹیشنز ہونگے۔ پی پی 149سے کل 14امیدوار میدان میں اتریں گے پی پی 149سے استحکام پاکستان کے شعیب صدیقی، سنی اتحاد کونسل سے ذیشان رشید اور تحریک لبیک کے محمد ظہیر جبکہ گیارہ امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔ اس حلقے میں استحکام پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے مشترکہ امیدوار شعیب صدیقی کا سنی اتحاد کونسل کے ذیشان رشید سے کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

پی پی 149میں کل ووٹرز کی تعداد تین لاکھ 45 ہزار چار سو 48 ہے جن میں ایک لاکھ 64ہزار پانچ سو 69خواتین جبکہ ایک لاکھ 80ہزار 8سو 79مرد ووٹرز کی تعداد ہے۔پی پی 149میں 2سو 18پولنگ اسٹیشنز قائم ہونگے۔لاہور کے حلقہ پی پی 158سے کل 22امیدوار قسمت آزمائیں گئے۔ پی پی 158سے سنی اتحاد کونسل کے مونس الہی، مسلم لیگ( ن) کے چوہدری محمد نواز اور تحریک لبیک کے محمد منیر اعوان میدان میں ہو نگے جبکہ پی پی 158 سے 19امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے۔

اس حلقے سے مسلم لیگ (ن) کے محمد نواز کا مقابلہ سابق وفاقی وزیر مونس الہی سے ہے۔پی پی 158میں کل ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 85 ہزار پانچ سو سولہ ہے جن میں82ہزار سات سو 98 خواتین جبکہ ایک لاکھ دو ہزار آٹھ سو 18مرد ووٹرز کی تعداد ہے۔پی پی 158 میں مجموعی طور پر ایک سو سولہ پولنگ اسٹیشنز قائم ہونگے ۔پی پی 164 سے کل 20امیدوار الیکشن میں حصہ لیں گے، پی پی 164 سے سنی اتحاد کونسل سے محمد یوسف، مسلم لیگ (ن) کے راشد منہاس جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے مدثر محمود جبکہ17 امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔

لاہور کے ضمنی الیکشن میں اس بار صرف تین سیاسی جماعتوں کے امیدوار ہی حصہ لے رہے ہیں جبکہ جماعت اسلامی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے اس بار میدان خالی چھوڑ دیا ہے، اس بار الیکشن میں مسلم لیگ (ن) اور سنی اتحاد کونسل کے امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلے متوقع ہے۔پی پی 164 میں کل ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 43ہزار تین سو 95 ہے جن میں63 ہزار 57خواتین جبکہ 80 ہزار 3سو 38 مرد ووٹرز کی تعداد ہے۔پی پی 164میں کل 97پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔ لاہور کے چاروں صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں مجموعی طور پر10 لاکھ94 ہزار تین سو چھ ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات