محکمہ وائلڈلائف کا غیرقانونی جنگلی جانوروں اور پرندوں کا کاروبار کرنیوالوں کو انتباہ

لائسنس بنوانے کیلئے 26 اپریل تک کی ڈیڈ لائن مقرر، خلاف ورزی پر قید، جرمانہ ومال ضبطگی ہوگی، ڈی جی وائلڈ لائف مدثر ریاض ملک

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 18 اپریل 2024 19:13

محکمہ وائلڈلائف کا غیرقانونی جنگلی جانوروں اور پرندوں کا کاروبار کرنیوالوں ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 اپریل 2024ء) سینئر صوبائی وزیر محترمہ مریم اورنگ زیب کی صوبہ میں جنگلی حیات کے تحفظ وفروغ کی خصوصی ہدایت کے پیش نظر ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف اینڈ پارکس پنجاب مدثر ریاض ملک نے صوبہ بھر میں بغیر لائسنس جنگلی جانوروں و پرندوں کا غیرقانونی کاروبار کرنیوالوں کو متنبہ کیاہے کہ وہ فوری طورپر مروجہ قواعد و ضوابط کی روشنی میں اپنے ڈیلر لائسنس بنوائیں وگرنہ ان کیخلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تفصیل کے مطابق محکمہ نے صوبہ بھر میں بغیر لائسنس جنگلی جانوروں و پرندوں کاغیرقانونی کاروبار کرنیوالوں کو خبر دار کیا ہے کہ وہ 26 اپریل 2024ء تک اپنے ڈیلر لائسنس مروجہ قواعد و ضوابط کی روشنی میں بنوائیں وگرنہ ان کیخلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو قید،جرمانہ و مال ضبطگی کی صورت میں ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل نے تمام وائلڈلائف افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ لائسنس بنوانے اور تجدید کروانے کیلئے آنیوالے ڈیلرز حضرات سے مکمل تعاون کریں تاہم لائسنس بنوانے کی مقررہ ڈیڈ لائن کے بعد جنگلی جانوروں و پرندوں کا ناجائز کاروبار کرنیوالوں کیخلاف قانونی شکنجہ سخت کردیں۔

محکمہ نے ڈیلر لائسنس کی فیس جانوروں و پرندوں (کیپٹوبریڈ ایگزاٹک) کیلئے مبلغ پچاس ہزاروپے جبکہ پرندوں (کیپٹو بریڈ ایگزاٹک) کیلئے مبلغ تیس ہزار روپے مقرر کررکھی ہے۔ ڈی جی وائلڈلائف نے کہا ہے کہ قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے ڈیلر حضرات فوراً اپنے لائسنس بنوائیں اور لائسنس کی بابت مزید معلومات و رہنمائی کیلئے صدر دفتر لاہور میں 042-99212384 پررابطہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ جنگلی حیات کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے لیکن اس ضمن میں ہم سب کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔