بارشوں سے جانی نقصان ‘ فرزند وزیر کا افسوس کا اظہار

حالیہ بارشوں نے پی ٹی آئی حکومت کی دس سالہ کارکردگی کا پول کھول دیا، رہنماء پی پی پی

جمعرات 18 اپریل 2024 22:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری کوارڈنیشن فرزند علی وزیر نے خیبر پختونخوا میں بارشوں کی وجہ سے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت فوری متاثرین سیلاب کو امدادی سامان پہنچائیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بارشوں کی وجہ سے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس و تعزیت کی اور زخمی افراد کی صحتیابی کیلئے خصوصی دعا کی کہ اللہ تبارک و تعالی لواحقین کو صبر و جمیل عطا فرمائے انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی حالت دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے ، حالیہ بارشوں نے پی ٹی آئی حکومت کی دس سالہ کارکردگی کا پول کھول دیا، پشاور شہر تالاب بن گیا، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے اور پانی پشاور کی سڑکوں پر دریاؤں کی شکل میں بہہ رہا ہے جس سے لوگوں کو نہ صرف مشکلات کا سامنا ہے بلکہ ان کا قیمتی سامان اور املاک سیلابی ریلوں کی نظر ہو گیا ہے، حالیہ بارشوں نے صوبہ بھر میں تباہی مچادی ہے کھڑی فصلیں، باغات اور املاک متاثر ہوئے ہیں انہوںنے کہا کہ مخیر حضرات دل کھول کر سیلاب زدگان کی مدد کرنے کیلئے آگے آئیں۔