وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کی انجینئرامیر مقام کو وفاقی وزارت امور کشمیر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد

جمعرات 18 اپریل 2024 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) آزادکشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے وفاقی وزیر امور کشمیر ،گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی۔ جمعرات کو یہاں جموں کشمیر ہاؤس میں ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال ،آزادکشمیر میں ترقیاتی منصوبوں سمیت باہمی دلچسپی کے جملہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وفاقی وزیر امور کشمیر نے تحریک آزادی کشمیر کے لئے پاکستان کی سیاسی ،اخلاقی و سفارتی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں کشمیری عوام اپنے جائز حق خودارادیت کیلیے جو جدوجہد کر رہے ہیں، وہ انشاءاللہ اس میں کامیاب ہونگے، مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کی مذمت کرتے ہیں ، آزادکشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں وفاقی حکومت مکمل تعاون کرے گی۔

(جاری ہے)

وزیر امور کشمیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔آزادکشمیر حکومت کے ساتھ وفاقی حکومت کا تعاون جاری رہے گا ۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے انجینئرامیر مقام کو وفاقی وزارت امور کشمیر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اہل کشمیر کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ کشمیری عوام خانہ کعبہ کے بعد پاکستان کی سرزمین کے ساتھ والہانہ محبت کرتے ہیں،سبز ہلالی پرچم کی محبت میں کشمیری عوام نے جان ،مال اور اولاد کی قربانیاں دی ہیں، الحاق پاکستان ہماری منزل ہے اور ہم یہ منزل حاصل کر کے رہیں گے۔