Live Updates

3وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی کرتارپور آمد، گندم کا سنہرے خوشہ کاٹ کر بیساکھی کا باضابطہ آغاز کیا، بابا گرونانک کے کھیت میں کٹائی کا اعزاز پر اظہار مسرت

جمعرات 18 اپریل 2024 21:15

!لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کرتارپور راہداری زیرو لائن کا دورہ کیا اور کھیتی صاحب میں سنہری درانتی سے گندم کا سنہرے خوشہ کاٹ کر بیساکھی کا باضابطہ آغاز کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بابا گرونانک کے کھیت میں کٹائی کا اعزاز حاصل کرنے پر مسرت کا اظہار کیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی پاک درشن ڈیوڑھی آمد پر سکھ زائرین نے پرتپاک استقبال کیا۔

سکھ خواتین نے ہاتھ جوڑ کر وزیر اعلی مریم نواز شریف کو گرمجوشی سے سلام کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو فیسلیٹیشن سنٹر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سروور (مقدس تالاب) اور سمادھی (پریئرہال)کا بھی دورہ کیا جہاں سکھ نوجوانوں نے روایتی گتکے کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے گورو گھر حاضری دی اور سنگت کے درشن کئے۔

دلی گوروبند کمیٹی کے سربراہ ریمندر سنگھ بمراہ نے وزیر اعلی مریم نواز کو سروپا (شال)پہنایا۔ دلجیت سنگھ سرناں نے وزیر اعلی مریم نواز شریف کو کرپان اور دیگر تحائف پیش کئے جبکہ سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کو بھی سروپا پہنایا گیا اور تحائف دئیے گئے۔ سمادھی میں گرانتھی سربراہ نے دعا سے تقریب کا آغاز کیا۔ صوبائی وزیر مذہبی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے وزیر اعلیٰ کا خیر مقدم کیا۔

بھارت سے آنے والے سکھوں کے جتھہ لیڈ ر نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ بھارتی سکھ جتھہ لیڈر نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے اقدامات اور انتظامات کو سراہا۔ سکھ جتھہ لیڈر نے کہا کہ پنجاب کی بیٹی کا وزیر اعلیٰ بننا ہم سب کا مان ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سکھ وفد کو جی آیاں نوں کہا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مقدس کنویں کا بھی معائنہ کیا اور سکھ آرٹ گیلری بھی دیکھی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سکھ لنگر ہال میں یاتریوں کے ساتھ بیٹھ کرکھانا کھایا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ابلے چاول،کڑھی پکوڑے،مونگ کی دال، گڑ والے چاول، روٹی اچار سے تواضع کی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کھانے کے معیار کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف مریم نواز شریف نے لنگر ہال میں موجود زائرین سے بات چیت کی اور سکھ زائرین کو پنجاب میں سیاحت کی دعوت دی۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،صوبائی وزراء، رمیش سنگھ اروڑہ، بلال اکبر، سید عاشق حسین کرمانی، ایم این اے انوار الحق، ایم پی اے وسیم بٹ، رانا منان، سیکرٹری سیاحت، سیکرٹری ایگریکلچر،سیکرٹری زراعت، کمشنر اور دیگر حکام موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات