ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ کے تحت ملک بھر میں 12 کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے، رانا مشہود احمد خان کا خیبرپختونخوا ٹیبل ٹینس پراونشل لیگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 19 اپریل 2024 19:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا، ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ کے تحت ملک بھر میں 12 کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔ جمعہ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم یوتھ پروگرام اور ہائیرایجوکیشن کمیشن کے زیراہتمام خیبرپختونخوا ٹیبل ٹینس پراونشل لیگ کا افتتاح قیوم اسٹیڈیم پشاور سپورٹس بورڈ میں ہوا۔

اس موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب میں دیگراعلیٰ حکام اور کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اورانہیں مستقبل میں درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے قابل بنانے کےلئے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی نوجوانوں کا عزم غیر متزلزل ہی تھا جس نے پاکستان کو دہشت گردی کے ناسور سے نجات دلائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پاکستانی نوجوانوں کی قابلیت پر بھروسہ ہے کہ یہ نوجوان پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نبرد آزما ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں پاکستان بالخصوص پنجاب کے نوجوانوں کے کارنامے درج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیبل ٹینس ایک ایسا کھیل ہے جو ذہنی اور جسمانی چستی کو فروغ دیتا ہے،یہ ایک ایسا کھیل ہے جو نوجوانوں کو ڈسپلن، توجہ اور مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کا سبق سکھاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام ملک بھر میں نوجوانوں کو کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ مثبت اور غیرنصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ایک پرامن اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ پاکستان کی تاریخ میں ایک منفرد اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس لیگ کے تحت پہلی دفعہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو یہ ذمہ داری تفویض کی گئی ہے کہ جامعات کے تعاون سے ملک بھر کے 25 مقامات پر 12 مختلف کھیلوں کے ٹرائلز کا انعقاد کریں، پراونشل اور نیشنل لیگز کرائیں اور نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے ہٹا کر کھیلوں کے میدانوں میں واپس لائیں اور کھیلوں کے شعبہ میں پھلنے اور پھولنے کے مواقع فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ ٹیبل ٹینس پراونشل لیگ کا انعقاد بھی اسی مقصد کے تحت کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس لیگ میں خیبرپختونخواہ کے پانچ اہم مقامات جن میں پشاور، بنوں، سوات، ہزارہ اور مردان شامل ہیں، میں ٹرائلز لیے گئے جس میں 15 سے 25 سال کے ایسے تمام لڑکوں اور لڑکیوں کا انتخاب کیا گیا جو ٹیبل ٹینس کے بہترین کھلاڑی تھے۔انہوں نے کہا کہ اس لیگ کی اہم بات یہ ہے کہ تمام کھلاڑیوں کے پاس نیشنل لیگ میں کوالیفائی کرنے کے مساوی مواقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو کھلاڑی نیشنل لیگ کے لئے منتخب ہوں گے وہ خیبرپختونخوا کی نمائندگی کریں گے۔انہوں نے تمام کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ اپنا بہترین کھیل پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں سیف گیمز اور دیگر بین الاقوامی چیمپئن شپس کے لئے ٹریننگ کیمپس کا انعقاد بھی کیا جائے گا تاکہ پاکستان کھیلوں کے میدان میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکے۔ تقریب کے اختتام پرمعززمہمانوں نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اوران کی حوصلہ افزائی کی۔