تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی چاہتا ہوں،گورنر سندھ

اب گورنر ہاؤس ایک یونیورسٹی ہے، یہاں 50 ہزار اسٹوڈنٹس آئی ٹی کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں ،کامران ٹیسوری

ہفتہ 20 اپریل 2024 17:32

تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی چاہتا ہوں،گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی چاہتا ہوں۔تفصیلات کے مطابق کامران ٹیسوری نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ گورنر ہاس عوام کے لئے چوبیس گھنٹے کھلا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب گورنر ہاؤس ایک یونیورسٹی ہے، یہاں 50 ہزار اسٹوڈنٹس آئی ٹی کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ میرٹ کی بنیاد پر داخلے دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پانچ لاکھ سے زائد لوگوں کو راشن مل رہا ہے، 1300 موٹر سائیکل، مستحق لوگوں کو دے چکے، لوگوں کی مدد کے لئے حکومت سے ایک روپیہ بھی نہیں لیا۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ اختیارات کا رونا رونے کے بجائے کام کیا جائے، کوئی شخص یہاں سے مایوس نہیں لوٹا، کراچی میں لا قانونیت دن بدن بڑھ رہی ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ یہاں افغان بستیاں بھی ہیں، غیر مقامی لوگ بھی مسئلہ ہیں، آصف زرداری اور بلاول سے کراچی کے لئے بڑی امیدیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسائل حل کرنے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو بیٹھنا ہوگا، میں تمام سیاسی جماعتوں کا گورنر ہوں، سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی چاہتا ہوں۔انہوںنے کہا کہ جہاں روزگار کے مواقع نہیں ہونگے کرائم ہوگا، کوئی بھی سیاسی حکومت بد امنی نہیں چاہتی۔