بلاول بھٹو زرداری کی بار ایسوسی ایشنز کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

اتوار 21 اپریل 2024 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میرپورخاص ہائی کورٹ بار سمیت لاڑکانہ، سکھر اور شہید بینظیر آباد کی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے کامیاب امیدواروں کو مبارک باد دی ہے۔ بلاول ہائوس سے اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کی مختلف بار ایسوسی ایشنز کے نومنتخب عہدیداران کے نام تہینتی پیغام میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن میرپورخاص کے صدر علی حسن چانڈیو اور جنرل سیکرٹری عزیز لغاری،ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سکھر کے صدر نوید احمد شاہ اور جنرل سیکرٹری سندر خان، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لاڑکانہ کے نومنتخب صدر حبیب اللہ غوری اور جنرل سیکرٹری کامران گورڑ ، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شہید بینظیر آباد کے صدر علی رضا چنہ اور جنرل سیکرٹری نعیم منگی سمیت تمام نومنتخب امیدواروں کو مبارک باد دی ہے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز لائرز فورم سندھ کو بار کے انتخابات میں نمایاں کارکردگی پر شاباش دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب عہدیداران وکلا برادری کے مسائل کے حل و بہبود کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ انہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ نومنتخب عہدیداران کی زیرِ قیادت وکلا برادری ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کی مضبوطی کی جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں آئین و پارلیمان کی بالادستی اور جمہوری استحکام کے لیے اپنا قائدانہ کردار ادا کرتی رہے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے پی ایل ایف سندھ عہدیداران اور ممبران کو بھی شاباش دی۔