Live Updates

ضمنی انتخابات میں ن لیگ کی واضح برتری کامیاب پالیسیوں کا نتیجہ ہے ، وزیر معدنیات پنجاب سردار شیر علی گورچانی

پیر 22 اپریل 2024 16:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) وزیر معدنیات پنجاب سردار شیر علی گورچانی نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں ن لیگ نے الحمداللہ پھر میدان مار لیا ، مسلم لیگ ن کو واضح برتری ملنے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کو پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ سردار شیر علی گورچانی نے کہا کہ الیکشن میں فتنہ پارٹی کو شکست فاش ہوئی ، قومی اسمبلی کی ٹوٹل 5 میں سے 2 نشستیں ن لیگ نے جیت لیں، پنجاب اسمبلی کی کل 12 میں سے 10 نستیں بھی ن لیگ کے نام ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں ن لیگ کی شاندار کامیابی قائد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے۔

(جاری ہے)

شیر علی گورچانی نے کہا ضمنی انتخابات کی ہر نشست پر مسلم لیگ ن کی واضح برتری وفاق اور پنجاب کے اندر مسلم لیگ (ن) کی کامیاب پالیسیوں کا نتیجہ ہے، عوامی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی قیادت میں صوبے میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ،عوام میں امید کی کرن پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا ووٹر مایوسی کا شکار ہے کیونکہ عوام نے پی ٹی آئی کے بیانیے کو مسترد کر دیا ہے، ثابت ہو گیا کہ مسلم لیگ (ن) ہی عوام کے دلوں میں بستی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب مہنگائی میں کمی اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے کام کر رہی ہے، انشااللہ ملکی حالات بہتر ہوں گے، عوام نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم اس پر پورا اتریں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات